Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات ایئرلائن نئے طیارے خریدے گی

طیارے مئی 2023 سے ملنا شروع ہوں گے۔ فوٹو: فائل
امارات ایئرلائن نے 16ارب ڈالر میں 50 ایئر بس A350 طیارے خریدنے کا سودا کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ایئرلائن کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے بتایا کہ رولز رائس انجن سے آراستہ ایئر بس کے طیارے مئی 2023 سے ملنا شروع ہوں گے اور 2028 تک تمام طیارے مل جائیں گے۔
شیخ احمد آل مکتوم نے بتایا کہ امارات ایئرلائن کا یہ سودا اس کے روشن مستقبل کا پتہ دیتا ہے۔ یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری حکمت عملی دبئی کو بین الاقوامی مرکز بنانے کی ہے۔
امارات ایئرلائنز دنیا بھر کے شہروں اور معیشتوں کو دبئی سے جوڑنے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔

ایئر عربیہ نے 120 ایئر بس اے 320 خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: روئٹرز 

ایئر بس کے ایگزکٹیو چیئرمین ولیم فاوری نے کہا کہ امارات ایئر لائن نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ امارات ایئرلائن کے وژن کو مدنظر رکھ کر نئے طیاروں کا بیڑا اس کے حوالے کریں گے۔ ان طیاروں کی بدولت امارات ایئرلائن دبئی سے طویل پروازیں شروع کرسکے گی۔ نئے طیاروں کی بدولت 15 گھنٹے تک کی پرواز ممکن ہوسکیں گی۔ یہ طیارے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوں گے۔ نشستیں آرام دہ ہوں گی۔
امارات ایئرلائنز کے پاس فی الوقت بوئنگ 777 اور ایئر بس کے جدید طیارے موجود ہیں۔ ائر لائن چھ براعظموں کے 158 سے زیادہ شہروں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ 
دریں اثناء ایئر عربیہ نے 14 ارب ڈالر کے معاہدے میں 120 ایئر بس اے 320 خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
ائیر لائن کے پاس اس وقت 53 ائیر بس اے 320 اور اے 321 طیارے موجود ہیں۔

شیئر: