Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس تعینات

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کیا ہے۔
وہ اس وقت چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے تقرر کا اطلاق 27 نومبر سے ہو گا۔ 
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا جنرل زبیر محمود حیات کی جگہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالیں گے۔ جنرل زبیر محمود حیات کو 28 نومبر 2016 کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کیا گیا تھا۔

 

وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فیکیشن 19 اگست کو جاری ہو چکا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تین سالہ مدت رواں برس 29 نومبر کو اختتام پذیر ہو رہی تھی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016 کو پاکستان کے آرمی چیف کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا دسمبر 2016 میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات ہوئے تھے، وہ اگست 2018 سے جی ایچ کیو راول پنڈی میں چیف آف جنرل سٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے بطور کور کمانڈر آرمی چیف کے ہمراہ مظفر آباد کا دورہ کیا تھا، فوٹو، آئی ایس پی آر

جنرل ندیم رضا نے ستمبر 1985 میں دس سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یورنیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے 1994 میں جرمنی سے انفنٹری کمانڈ کورس مکمل کیا۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان بھی کی۔
نئے نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ رہ چکے ہیں اور انہیں ہلال امتیاز ملٹری بھی مل چکا ہے۔

شیئر: