Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش

مکہ اورطائف سمیت کئی علاقوں میں جمعے کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
سبق ویب کے مطابق مکہ کے بیشتر محلوں میں موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں۔ بعض مقامات پر اوسط درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے قبل گردو غبار کے طوفان سے حد نظر محدود ہو گئی تھی۔ تیز ہوائیں چلنے سے جگہ جگہ درخت اور بورڈ گر گئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے سعودی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں کو خبر دار کیا ہے کہ آئندہ چار دن تک موسم غیر مستحکم رہے گا لہذا احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔
 
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ہفتے کو موسلا دھا ربارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔ مکہ،مدینہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ امارات اور سلطنت عمان تک پھیل جائے گا۔

بارش کا یہ سلسلہ امارات اور سلطنت عمان تک پھیل جائے گا (فوٹو: سبق)

نجران میونسپلٹی کے مطابق بارش کے باعث الفیصلیہ انڈر پاس کی تعمیر کا کام معطل ہوگیا ہے۔ باحہ شہری دفاع کے ترجمان نے خبر دار کیا ہے کہ بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔
نجران شہر اور اس کی کمشنریوں میں بھی جمعے کو لگاتار کئی گھنٹے بارش ہوتی رہی۔
ابہا محایل روڈ پر بارش کے باعث مشرقی محایل میں چٹانیں گر گئیں۔ سڑک جزوی طور پر بند ہو گئی اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔ ٹریفک اہلکار راستہ صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جدہ میں دن بھر مطلع آبر آلود رہا بعض مقامات پر بوندا باندی بھی ہوئی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: