Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کی فارمولا ریس میں پہلی سعودی خاتون

ریما جفالی کے مطابق انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ دن اتنی جلدی آ جائے گا، فوٹو: سعودی گزٹ
ریاض کے مضافاتی مقام الدرعیہ میں فارمولا ای کی ’گراں پری چیمپئن شپ‘ ریس میں سعودی خاتون ڈرائیور ریما جفالی نے شرکت کر کے پہلی سعودی خاتون ریسر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔
عرب نیوز اور العربیہ نیٹ کے مطابق الدرعیہ فارمولا ریس آج یعنی جمعے اور ہفتے کو ہو رہی ہے اس میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ریس میں شریک تمام گاڑیاں ماحول دوست ہیں۔

ریس میں شریک تمام گاڑیاں ماحول دوست ہیں، فوٹو: سعودی گزٹ

جدہ میں پیدا ہونے والی 27 سالہ ریما جفالی اس سے قبل برطانیہ میں ہونے والی فارمولا ریس سیزن 4 میں شرکت کر چکی ہیں۔
ریما جفالی اس ریس کے لیے تیار کردہ خصوصی گاڑی جیگوار آئی پیس کے ساتھ درعیہ ریس چیمپئن شپ کے پہلے راﺅنڈ میں شامل تھیں۔
ریما نے کہا کہ انہیں آئی پیس کے ساتھ مقابلے میں شرکت کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے اس کے لیے وہ بہت پرجوش ہیں۔ فارمولا سیزن 6 میں نامور ڈرائیور شریک ہیں۔

ریما جفالی کو نوعمری سے ہی ریسنگ کاروں کا شوق تھا، فوٹو: سعودی گزٹ

 یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ حاصل کرنے والے علاقے کے اس ریسنگ ٹریک پر ریما جفالی نے اپنا لیپ ایک منٹ 39 سیکنڈز میں مکمل کیا، پول پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور سے ان کے وقت کا فرق 5 سکینڈ تھا۔
ریما نے کہا کہ ’بہت سارے لوگوں کو مجھے ریس میں شامل ہوتے ہوئے دیکھ کر حیرت ہو رہی ہے لیکن میں ایسے لوگوں کی حیرت دیکھ کر خوش ہوں۔‘

ریما جفالی کا کہنا ہے کہ وہ ریس سے پہلے بہت پُرجوش تھیں، فوٹو: سعودی گزٹ

ریما کے پاس صرف ایک سال کا پیشہ وارانہ ریسنگ کا تجربہ ہے لیکن انہیں نوعمری سے ہی ریسنگ کاروں کا شوق تھا اور وہ فارمولا ون دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں۔
ریس سے پہلے انہوں نے کہا کہ ’میں بہت پرجوش ہوں، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ دن جلد آجائے گا یا کم سے کم مجھے معلوم نہیں تھا کہ یہ توقع سے کہیں زیادہ جلد آیا ہے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: