Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باکسر محمد وسیم کی ورلڈ چیمپئن کو شکست

وسیم سات بار اپ نے حریفوں کو ناک آؤٹ کر چکے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے تین بار لائٹ فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی چیمپئن رہنے والے میکیسو کے باکسر گینگان لوپیز کو شکست دے دی۔
جمعے کو دبئی میں ہونے والے مقابلے میں محمد وسیم کو ریفریز نے متفقہ طور پر میچ کا فاتح قرار دیا۔
آٹھ راؤنڈز پر مشتمل میچ میں ریفریز نے محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فاتح قرار دیا۔
محمد وسیم مقابلے کے دوران آٹھ راؤنڈز میں اپنے حریف پر حاوی رہے۔ یہ 32 سالہ پاکستانی باکسر کے پروفیشنل کیرئیر کی دسویں فتح ہے۔
پاکستانی نژاد عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر عامر خان بھی اس میچ کے موقعے پر محمد وسیم کی حوصلہ افزائی کے لیے دبئی میں موجود تھے۔
محمد وسیم اپنے پروفیشنل کیریئر کی کل 11 باؤٹس میں سے 10 میں فاتح رہے ہیں جس میں سے سات بار انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔
انہوں نے رواں سال ستمبر میں ہونے والی فائٹ میں فلپائن کے باکسر کونراڈو تانامور کو صرف 62 سیکنڈز میں ناک آوٹ کیا تھا۔

میچ میں محمد وسیم کی حوصلہ افزائی کے لیے عامر خان بھی دبئی میں موجود تھے (فوٹو: ٹوئٹر)

دوسری جانب تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن گینگان لوپیز 46 میں سے 36 میچز جیت چکے ہیں۔
میچ سے قبل میں محمد وسیم نے کہا تھا کہ ’لوپیز اُن سے زیادہ تجربہ کار ہیں لیکن اس فائٹ کے لیے انہوں نے بہت محنت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ لوپیز کے خلاف بھی کامیاب ہوں گے۔‘

محمد وسیم نے کہا تھا کہ ان کی اولین ترجیح لوپیز کو ناک آؤٹ کرنا ہوگی (فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جس طرح وہ فائٹ کے آغاز میں ہی زور دار مکے بازی کرتے ہیں، اسی انداز میں وہ رنگ میں اتریں گے اور اولین ترجیح لوپیز کو ناک آوٹ کرنا ہو گی۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: