Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹرز کی انڈین ڈرائیور کو دعوت

 الیسن جونسن کو یہ واقعہ اسی انڈین ٹیکسی ڈرائیور نے گابا برسبین آتے ہوئے بتایا (فوٹو: اے ایف پی)
گو کہ اظہر علی کی زیر قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں برسبین میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست ہوئی اور یہ گرین شرٹس کی جانب سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شب کا کوئی یادگار آغاز نہیں تھا۔
تاہم برسبین میں پاکستان کی ٹیم کے قیام کے دوران ایک ایسا واقعہ ضرور پیش آیا ہے جسے کرکٹرز مدتوں یاد رکھیں گے۔
ہوا کچھ یوں کہ یاسر شاہ، نسیم شاہ اور چند دوسرے پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے پسندیدہ انڈین ریستوران جانے کے لیے ایک ٹیکسی بک کی جسے ایک انڈین ڈرائیور ہی چلا رہا تھا۔
ٹیکسی کا ڈرائیور کرکٹ فین بھی تھا اور برصغیر کے مہمانوں کی ایک دور پار کے ملک میں خدمت کے حوالے سے پرجوش بھی تھا۔ جب ہوٹل میں پہنچ کر پاکستانی کرکٹرز نے ان کو کرایہ دیا تو انہوں نے کرایہ لینے سے انکار کر دیا۔  
ان کے اس جذبہ مہمان نوازی سے پاکستانی کرکٹر اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ان کو ڈنر کی دعوت دی۔ 
یہ واقعہ برسبین ٹیسٹ کے دوران اے بی سی کے ریڈیو پریزنٹر الیسن جونسن نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر میچل جونس کو بتایا جس کے فوراً بعد یہ خبر وائرل ہوگئی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیاں کشمیر کے حوالے سے حالیہ کشیدگی کے ماحول میں انڈین ٹیکسی ڈرائیور اور پاکستانی کرکٹرز کے درمیان تعلق نے سب کی توجہ فوراً حاصل کی ہے۔

الیسن کی جانب سے اس واقعے کا جونسن کے ساتھ ذکر کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور ہزاروں کرکٹ فینز ابھی تک اس کو دیکھ رہے ہیں۔
 الیسن جونسن کو یہ واقعہ اسی انڈین ٹیکسی ڈرائیور نے گابا برسبین آتے ہوئے بتایا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں 29 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔

شیئر: