Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

پاکستان کی جانب سے روحیل نذیر نے 113 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، فوٹو: پی سی بی
ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ 
بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے اس ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر نے شاندار سنچری سکور کی جبکہ عمران رفیق نے نصف سینچری بنائی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کے دونوں اوپنرز 41 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
حیدر علی 26 اور عمیر بن یوسف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرزکے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اور عمران رفیق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمران رفیق چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے روحیل نذیر نے سعود شکیل کے ہمراہ 85 رنز جوڑ کر میچ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم  کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ روحیل نذیر نے 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کپتان سعود شکیل 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ کی 16 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز نے میچ میں پاکستان کا مجموعی سکور 300 کر دیا۔

302 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فوٹو: پی سی بی

پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سومن خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
302 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بلے باز لمبی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور پاکستان کی بولنگ لائن اپ کے سامنے وقفے وقفے سے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین 49 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
قومی ایمرجنگ ٹیم  کی جانب سے محمد حسنین نے تین جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے دو دو  وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان روایتی حریف انڈیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر آئی سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر:

متعلقہ خبریں