Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: ’ ایرانی سرگرمیاں عالمی امن سبوتاژ کر رہی ہیں‘

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا، فوٹو: ایس پی اے
سعودی کابینہ نے سرکاری سودوں میں مقامی طور پر تیار اشیا ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس حوالے سے تیار شدہ لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا۔
 کابینہ نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں سے متعلق امریکی حکومت کے بیانات کو پھر مسترد کردیا۔

 کابینہ نے مقامی اشیا ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، فوٹو: ایس پی اے

سعودی کابینہ نے کہا کہ ’عرب علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قانون اور قراردادوں کے خلاف ہے۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے فلسطینی عوام کو عرب امن فارمولے اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق جملہ حقوق ملنا ضروری ہیں‘۔
سعودی کابینہ نے ایران کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں اور سمجھوتوں کی مسلسل خلاف ورزی کی مذمت کی اور ایٹمی معاہدے میں شامل یورپی ممالک کے مشترکہ اعلامیہ کے خیر مقدم کیا۔
کابینہ نے ایران کے ایٹمی پلانٹ فورڈو کو پابندی سے استثنیٰ واپس لینے والے امریکی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور زور دیا کہ ’عالمی برادری بھی ایرانی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرے کیونکہ ایران کی سرگرمیاں عالمی امن و سلامتی کو سبوتاژ کررہی ہیں‘۔

 کابینہ نے اسرائیلی بستیوں سے متعلق امریکی  بیانات کو پھر مسترد کردیا، فوٹو: ایس پی اے

 سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد واس سے گفتگو میں کہا کہ ’کابینہ نے قیام کے 50 سال مکمل کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم کو مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ او آئی سی مسلم دنیا کی آواز ہے۔ اسے اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی بین الاقوامی سرکاری تنظیم کا رتبہ حاصل ہو گیا ہے۔
کابینہ نے مالدیپ کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ انڈونیشیا کے ساتھ خوراک اور ادویہ کی نگرانی کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ کو تفویض کیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: