Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک اور انسٹاگرام میں خرابی

پاکستان سمیت دنیا کے مخلتف حصوں میں فیس بک اور انسٹاگرام میں نامعلوم تکنیکی خرابی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
فیس بک کی متعلقہ ایپلیکیشنز کے سرورز یا ایپلیکیشن کو درپیش اس تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ڈیسک ٹاپ اور موبائل فون پر سوشل نیٹ ورک کو استعمال کرنے والے صارفین کو سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
فیس بک کے متعدد صارف میسیجنگ ایپلیکیشنز اور دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر اپنے پیغامات میں جھنجھلاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے اپ ڈیٹس نہ کر سکنے کی شکایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
جمعرات کی سہ پہر کے بعد سے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپلیکیشن پر فیس بک استعمال کرنے والے صارفین اپنی پروفائلز، گروپس اور پیجز میں مواد شیئر نہیں کر پا رہے۔
سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کبھی فیس بک کی جانب سے معذرت کا پیغام دیتے ہوئے خودکار میسیج میں کہا جاتا ہے کہ ان کی ٹیم کام کر رہی ہے، جلد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا تو  کبھی مسئلے کی وجہ بتائے بغیر سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی۔

صارفین کو سٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

فیس بک اور انسٹاگرام کو درپیش مسئلے کی وجہ سے صارفین کی طرف سے نیوز فیڈ ریفریش نہ ہونے یا ایپلیکیشنز کو لاگ ان نہ کر سکنے کی شکایت بھی موصول ہو رہی ہیں۔
انٹرنیٹ ٹریفک پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ساتھ یہ مسئلہ دوپہر دو بجے (جی ایم ٹی) سے شروع ہوا۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر نامی ادارے کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مختلف یورپی ممالک اور برازیل کے صارفین زیادہ متاثر ہوئے۔
اس تکنیکی مسئلے کے دوران صارفین فیس بک کے دیگر فیچرز، لائیو، تصاویر کی اپ لوڈنگ نہ کر سکنے جب کہ کچھ ایپس کو بالکل استعمال نہ کر سکنے کی شکایت کرتے نظر آئے۔

ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین فیس بک اور انسٹاگرام کو درپیش مسئلے کو مزاح کا رنگ دینے میں مصروف رہے۔ ٹوئٹر سکرین شاٹ

سوشل سائٹس ڈاؤن ہونے کے بعد صارفین نے ٹوئٹر کا رخ کیا ہے جہاں وہ ناصرف انہیں درپیش مسئلے پر گفتگو کرتے رہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کی روایت کے مطابق مسئلے کو مزاح کا رنگ دیتے بھی دکھائی دیے۔

شیئر: