Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکول میں ’ناگن ڈانس‘ کرنے پر استاد معطل

اساتذہ کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی (فوٹو: سکرین گریپ)
انڈیا کی ریاست راجھستان کے ضلعے جالور کی تحصیل سیالا کے ایک سکول میں ٹریننگ پروگرام کے دوران سکول ٹیچرز کے ’ناگن ڈانس‘ کرنے پر ایک استاد کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے۔
انڈین ویب سائٹ ’فری پریس جرنل‘ نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سکول میں تین اساتذہ کے ناگن ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے بدھ کے روز ایک ٹیچر کو معطل کر دیا ہے جبکہ دو کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین اساتذہ جن میں سے ایک خاتون استاد ہیں، سکول کے ٹریننگ کیمپ کے اندر ناگن ڈانس میں مصروف ہیں۔
فری پریس جرنل کے مطابق ان تین میں سے ایک ماسٹر ٹرینر تھے جنہیں سکول میں دیگر اساتذہ کی تربیت کے لیے بھیجا گیا تھا۔  
جالوز کے ضلعی ایجوکیشن آفسیر اشوک کے مطابق جس ٹیچر کو معطل کیا گیا ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر ٹیچرز کو ٹریننگ کے دوران ناگن ڈانس کرنے کے لیے اکھٹا کیا اور شوکاز ان ٹیچرز کو جاری کیے گئے جہنوں نے ابھی نئی نئی نوکری شروع کی ہے۔ ’انہیں شاید قواعد و ضوابط کا پتا نہ ہو۔‘
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ تینوں میں سے کس ٹیچر کو معطل کیا گیا ہے۔
ضلعی ایجوکیشن آفیسر نے انڈین اخباز ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’ڈانس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینا بری بات نہیں مگر قواعد و ضوابط کی پیروی کرنا سب کے لیے ضروری ہے۔‘
کچھ استاتذہ نے محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈانس کرنے پر استاد کو معطل کیے جانے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ ’وہ وقفے کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ لطف اندوز ہو رہے تھے۔‘
ایک استاد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’اس (ڈانس) میں بیہودہ یا مضحکہ خیز کیا ہے، کیا کوئی سرکاری ملازم اپنے ساتھیوں کے ساتھ اچھا وقت نہیں گزار سکتا؟ محکمہ تعلیم کے اس اقدام کا کوئی جواز نہیں ہے۔‘

شیئر: