Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کتا جو ایک گھنٹہ گاڑی چلاتا رہا

امریکی ریاست فلوریڈا میں حکام کے مطابق کار میں بند ایک کتے ’میکس‘ نے گاڑی کو ریورس گیئر میں ڈال دیا اور اسے قریباً ایک گھنٹے تک گول دائرے میں چلاتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سب اس وقت شروع ہوا جب گاڑی غلط طرف مڑی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اپنی کار سے باہر نکل گیا اور اس کا دروازہ بند ہو گیا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پورٹ سینٹ لوسی فلا میں حکام نے بتایا ہے کہ ڈرائیور کے گاڑی سے باہر نکلنے کے بعد میکس نے کار کو ریورس گیئر لگا دیا اور تب تک گاڑی کو دائرے میں گھماتا رہا جب تک پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کو پیش آنے والے اس واقعے میں کالے رنگ کے میکس سے گاڑی کا ریورس گیئر لگنا حادثاتی تھا۔ پولیس کے مطابق ’ایک نامعلوم مالک کی اس گاڑی کا گیٹ لاک تھا اور اس کی بیٹری ڈیڈ تھی تاہم پولیس ایک کوڈ کے ذریعے گیٹ کھولنے اور کتے کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی۔‘
لوکل میڈیا کے مطابق گاڑی کے ٹائروں کے نشان اب تک سڑک پر موجود ہیں۔
ایک مقامی رہائشی انا سبول نے بتایا کہ انہوں نے حیرت انگیز طریقے سے چل رہی اس کار پر اس وقت دھیان دیا جب ان کے اپنے کتوں نے بھوکنا شروع کر دیا۔ ’میں نے گھر کی کھڑکی سے باہر دیکھا تو گاڑی کے اردگرد پولیس بھی جمع تھی۔‘
انا کے بقول انہیں یہ سمجھنے میں کچھ وقت لگا کہ گاڑی کتا چلا رہا تھا۔ ’پہلے میں نے سوچا کہ پولیس کسی کا پیچھا کر رہی ہے پھر دیکھا کہ وہ گاڑی کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں۔ میں نے سوچا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے۔‘

کتا قریباً ایک گھنٹے تک گاڑی چلاتا رہا (فوٹو: سکرین گریب)

انا نے بتایا کہ بالآخر گاڑی ایک قریبی لان میں ایک لیٹر بکس کے ساتھ ٹکرا کر رک گئی۔ ’جب کتا گاڑی سے باہر نکلا تو میں حیران رہ گئی۔‘
اطلاعات کے مطابق میکس کے مالک نے نقصان کا ازالہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں کسی بھی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں اور میکس بھی بالکل صحت مند ہے البتہ سلور رنگ کی 2003 ماڈل مرکری کار کو تھوڑا سا نقصان ضرور پہنچا ہے۔
انا کا کہنا ہے کہ ’کتے کو ڈرائیونگ لائسنس دے دینا چاہیے کیونکہ وہ کافی لوگوں سے بہتر ڈرائیونگ کرتا ہے۔‘

شیئر: