Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ریلی، سعودی ڈرائیورز کی برتری

ریاض سیزن کے موقع پر سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن کی جانب سے صحرائی کار ریلی چیمپیئن شپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس ریلی میں شامل سعودی عرب کے یزید الراجحی، سفیان العمر اور سلطان المسعود نے افتتاحی مرحلے میں برتری حاصل کر لی ہے۔

ابراہیم، اسامہ اور رائد ابو طیب نے مرسڈیز ٹرک پر یہ مرحلہ مکمل کیا (فوٹو: عرب نیوز)

عرب نیوز کے مطابق صحرائی ریلی کے آغاز میں الراجحی نے ابتدائی مرحلے میں چار کلومیٹر کا فاصلہ دو منٹ 20.6 سیکنڈ میں طے کیا۔
ڈاکار ریلی کے لیجنڈ فرانس کے 54 سالہ سٹیفن پیٹرہنسل کو اس ریس کے لیے ساتھی ڈرائیور اپنی بیوی اینڈریا کی جرمنی میں میڈیکل ٹیسٹ رپورٹ حاصل نہ ہونے کے بعد اپنے ساتھی کو تبدیل کرنا پڑا۔ ان کی جگہ پرتگال کے پاولو فیوزا نے حاصل کی۔ انہوں نے 2 منٹ اور 28.9 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سٹیفن پیٹرہنسل نے ریس کے فورا بعد بتایا کہ گزشتہ ہفتے پیرس میں ان کا سالانہ میڈیکل چیک اپ تھا چونکہ سعودی عرب میں ریاض سیزن میں شمولیت کے لیے وقت بہت کم تھا اور میری بیوی اینڈریا کی ٹیسٹ رپورٹس تک انتظار نہیں کیا جا سکتا تھا جس کے باعث وہ ریلی میں شریک نہیں ہو سکی۔ اس سے قبل سعودی عرب میں ہونے والی ریلی میں ہم اکٹھے تھے۔

ریلی کے موٹرسائیکل سیکشن میں مقامی سوارسفیان العمرشامل تھے (فوٹو: عرب نیوز)

یزید الراجحی سے 6.7 سیکنڈ وقت سے پیچھے رہنے والے چیکو سلواکیہ کے ڈرائیور میروسلیو زپلیٹل اپنی ڈیزائن کردہ گاڑی فورڈ ایف۔150 کے ساتھ ریس میں شامل تھے۔ ریس میں شامل عیسی الدوسری چوتھی اور احمد القشیمی چھٹی پوزیشن پر رہے۔
ریلی کے موٹرسائیکل سیکشن میں مقامی سوارسفیان العمر اپنی یاماہا موٹرسائیکل پر کویت کے عبداللہ الشہتی اور سعودی عرب کے موٹرسائیکل سوار عبداللہ المالکی سے آگے رہے۔ اس ریس میں دیگر سواروں میں ابوظہبی کے محمد البلوشی، سعودی عرب کے معروف سوار مشعال الغنیم، نیوزی لینڈ کے فلپ ولسن اورمحمد البلوشی کے بھائی سلطان بھی شامل تھے۔

ڈاکار ریلی کے لیجنڈ فرانس کے 54سالہ سٹیفن پیٹرہنسل بھی شامل تھے (فوٹو: عرب نیوز)

ریس میں شامل ابراہیم المہانا، اسامہ السناد اور رائد ابو طیب نے مرسڈیز ٹرک پر یہ مرحلہ مکمل کیا۔ اس صحرائی ریلی میں مجموعی طور پر 44 کاریں، 19موٹرسائیکل اور ایک ٹرک سمیت دیگر گاڑیاں مکمل جانچ پڑتال کے بعد حصہ لے رہی تھیں۔
صحرائی ریلی کا اہتمام سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن کی جانب سے کیا گیا، اس فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان العبداللہ الفیصل ہیں۔ سعودی آٹوموبائل ایند موٹرسائیکل فیڈریشن کی جانب سے کرائی جانیوالی اس صحرائی چیمپیئن شپ میں جنرل اسپورٹس اتھارٹی، عبدا لطیف جمیل موٹرز (ٹویوٹا)، ایم بی سی گروپ، العربیہ آوٹ ڈور اور سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ کی جانب سے تعاون حاصل ہے۔

شیئر: