Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدھ سے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر

سردی کی لہر بدھ سے شروع ہوگی اور اس کا عروج جمعہ کو ہوگا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر کل بدھ سے شروع ہوگی جبکہ وسطی اورشمالی علاقوں میں جمعہ کو عروج پر پہنچ جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسمیات ماہر زیاد الجہنی نے کہا ہے کہ ’شمال سے سرد ہوا کی لہر کا آغاز آج رات سے ہوگا جبکہ بدھ کو موسم میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ یہ لہر 13 دن تک جاری رہے گی۔‘
  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

انہوں نے کہا ہے کہ ’اگلے ہفتہ کے وسط میں سردی کی شدت میں کمی ہونا شروع ہوگی جس کے بعد اگلے 13 دن تک جنوبی ہوا چلنا شروع ہوگی۔‘
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے عسیر اور جازان کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے چند گھنٹوں میں موسلادھار بارش اور اس کے بعد سیلابی ریلوں کا قوی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے علاوہ الباحہ میں بھی آج رات 8 بجے تک بارش کا خدشہ ہے۔‘
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ ’سیلابی ریلوں کے وقت وادیوں سے دور رہیں۔ تمام نشیبی علاقوں میں پانی بھر چکا ہے جبکہ مزید بارش کی وجہ سے یہ علاقے خطرناک ہوسکتے ہیں۔‘
ادھر سبت الجارہ کی وادی قنونا میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے دو افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ امدادی ٹیموں نے تلاشی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’سیلاب میں پھنس جانے والے دو افراد کو بچانے کی کوشش کرنے والے دو افراد بھی ریلے میں بہہ گئے تھے مگر وہ تیر کر بچ جانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: