Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خلیجی سربراہ کانفرنس سے استحکام آئے گا‘

سعودی کابینہ نے جی سی سی قائدین کو ریاض آمد پر خوش آمدید کہا، فوٹو: ایس پی اے
سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
کابینہ نے آئندہ منگل کو ریاض میں خلیجی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کے حوالے سے کہا کہ اس سے خلیجی ممالک میں استحکام پیدا ہو گا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی کابینہ نے جی سی سی ممالک کے قائدین کو منگل کو ہونے والی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض آمد پر خوش آمدید کہا۔

سعودی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، فوٹو: ایس پی اے

 شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت خلیجی کانفرنس میں مختلف شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی کے فروغ میں معاونت، اہم مسائل پر غور، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور بین الاقوامی و علاقائی سیاسی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ سعودی عرب جی ٹوئنٹی کے اہداف کے حصول کے لیے اپنا مشن جاری رکھے گا۔ مملکت نے جو وعدے کیے ہیں ان کی پابندی کی جائے گی‘۔
 اعلا میے میں مزید واضح کیا گیا کہ 2020 کے دوران سعودی عرب جی ٹوئنٹی کی قیادت کرے گا۔ شاہ سلمان کی ہدایات اور ولی عہد کی نگرانی میں جی ٹوئنٹی کے لیے تیار کیا جانے والا پروگرام تسلی بخش ہے۔ 

خلیجی کانفرنس میں  بین الاقوامی و علاقائی سیاسی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے گا، فوٹو: ایس پی اے

 سعودی کابینہ نے مزید کہا کہ’ سعودی عرب کا یہ عزم کہ وہ اوساکا سے شروع ہونے والی مشترکہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائے گا قابل تعریف ہے‘۔
سعودی عرب نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ جی ٹوئنٹی کی میزبانی کے دوران تینوں براعظموں کے درمیان اپنی موجودگی کے محل وقوع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔ اس حوالے سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے کردار کو اجاگر کرے گا اور بین الاقوامی مسائل سے متعلق دنیا بھر کے ملکوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔

شیئر: