Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کارکردگی سے سب کو غلط ثابت کروں گا‘

فواد عالم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
دس سال بعد پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے والے فواد عالم نے کہا ہے کہ ٹیم میں لمبے عرصے بعد دوبارہ شمولیت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے بالکل ایسا محسوس کر رہے ہیں جیسے کیرئیر کا پہلا میچ کھیلتے ہوئے کیا تھا۔
’ڈومیسٹک میچ ہو یا انٹرنیشنل کرکٹ، کھلاڑی پر کارکردگی دکھانے کا پریشر ہر وقت رہتا ہے۔‘
’سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ کیا تھا اور اب ’کم بیک‘ بھی سری لنکا کے خلاف کر رہا ہوں، کوشش کروں گا کہ اپنی کارکردگی سے سب کو غلط ثابت کروں۔‘
فواد عالم نے کہا کہ ’میرا نام رام پرکاش سے جوڑنا اعزاز کی بات ہے، ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سینچریاں تھیں، میں تو ابھی ان کے قریب بھی نہیں پہنچا۔‘
پلئینگ الیون میں شامل کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کپتان اور ٹیم مینیجمنٹ کا ہوگا۔’میرا فوکس ٹیسٹ میچ پر ہے، کوشش کروں گا کہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لاؤں۔‘
سابق چیف سیلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے تنقید پر فواد عالم نے کہا کہ انضمام الحق ان کے لیے لیجنڈ ہیں اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں، اس لیے ان کی تنقید کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔
ایک سوال کے جواب میں فواد عالم کا کہنا تھا کہ دس سال ایک بہت لمبا عرصہ ہے، اسکو بیان کرنا آسان نہیں لیکن جب آپ مثبت سوچ رکھنے والے لوگوں میں رہتے ہیں تو آپ منفی رجحنات کی طرف نہیں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل کارکردگی دکھائیں تو سلیکشن کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں۔

فواد عالم حالیہ سیزن کے چار میچوں میں تین سینچریاں سکور کر چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

فواد عالم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شائقین سے اس موقعے کو کامیاب بنانے کی درخواست کی۔
’سری لنکا ٹیم کی پاکستان آمد سے دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈے این نائیٹ ٹیسٹ سیریز کے لیے کوشش کر رہا ہے، دعا ہے کہ پی سی بی کی کوششیں رنگ لائیں۔‘
پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 11 دسمبر سے ہو رہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 11 دسمبر کو راولپنڈی جبکہ، 19 دسمبر کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کی خاص بات پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی بھی دس سال بعد ٹیم میں واپسی ہے۔
فواد عالم حالیہ سیزن میں اب تک چار میچوں میں تین سینچریاں سکور کر چکے ہیں جس میں ایک ڈبل سینچری بھی شامل ہے۔ فواد عالم پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں گزشتہ دو سالوں سے رنز کے انبار لگا چکے ہیں لیکن وہ انٹرنیشنل سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔

فواد عالم پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں گزشتہ دو سالوں سے رنز کے انبار لگا چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستان کے ناکام دورہ آسٹریلیا کے بعد فواد عالم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سیلکٹرز نے بالآخر ان کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کیا۔
فواد عالم نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 41.66 کی اوسط سے 250 رنز بنائے ہیں جن میں ایک سینچری بھی شامل ہے۔
فواد عالم نے کولمبو میں اپنے ڈیبیو میچ میں سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں واحد ٹیسٹ سینچری سکور کی تھی۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈینوڈن شہر میں کھیلا تھا جہاں وہ پہلی اننگز میں 29 جبکہ دوسری اننگز میں صرف 5 رنز بنا پائے تھے۔
 

شیئر: