Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمہوریہ چیک: ہسپتال میں فائرنگ، چھ ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
وسطی یورپ کے ملک جمہوریہ چیک کے شہر اوسٹراوا کے ہسپتال میں ایک بندوق برادر شخص کی فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
چیک کے وزیر اعظم اینڈریج بابس نے سرکاری چیک ٹی وی کو بتایا کہ ہسپتال میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔
ان کے مطابق فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے تاہم بعد میں زخمی بھی دوران علاج چل بسے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔
قبل ازیں ریجنل پولیس چیف پاؤلا جیروسکو نے چیک ٹی وی کو بتایا تھا کہ فائرنگ کی جگہ پر چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم ابھی تک مفرور ہے۔
پولیس کے سربراہ نے عوام سے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے کی درخواست کی تھی۔ پولیس نے ملزم کی ایک تصویر بھی ٹوئٹر پر جاری کر دی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہسپتال کے ٹراما وارڈ میں ہوا۔ وزیر داخلہ جان ہماسک نے ٹویٹ کیا کہ ’ اوسٹراوا فیکلٹی ہسپتال میں آج صبح سات بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔‘
خیال رہے اوسٹراوا شہر دارالحکومت پراگ سے 300 کلومیٹر دور مشرق میں واقع ہے اور اپنی سٹیل کی صنعت کے لیے مشہور ہے۔  
رواں برس یورپ میں فائرنگ کے کئی واقعات ہوئے ہیں۔

شیئر: