Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خراب دودھ بچاتے سوہن حلوہ بن گیا

یوں تو ملتان کے سوہن حلوے کی مانگ سارا سال رہتی ہے لیکن سردیاں شروع ہوتے ہی جن غذاؤں کی طلب بڑھ جاتی ہے ان میں خاص ترکیب سے تیار کیا جانے والا یہ حلوہ بھی ہے۔
ملتان کا سوہن حلوہ نہ صرف اندرون ملک بہت مقبول ہے بلکہ کئی دوسرے ممالک میں بھی بھیجا جاتا ہے جہاں مقیم پاکستانی اس کو عزیزوں اور رشتہ داروں سے خصوصی فرمائشیں کر کے منگواتے ہیں۔ 
سوہن حلوے کا ذائقہ بہت لذیذ اور جدا ہے اور اس کی ترکیب بہت دلچسپ ہے۔
اس میں دودھ، دیسی گھی، چینی اور میدہ استعمال کیا جاتا ہے۔
ملتان میں سوہن حلوہ بنانے والے حلوائیوں کا کہنا ہے کہ اس کی تاریخ انیسویں صدی کے ابتدائی سالوں سے شروع ہوتی ہے۔
ملتان میں حلوے کی چند قدیم دکانوں میں سے ایک کے مالک عمیر عابد کے مطابق سب سے پہلے یہ حلوہ حادثاتی طور پر تیار ہوا تھا جب سوہن نامی ایک حلوائی سے دودھ خراب ہو گیا تو اس نے اس کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے اس میں میدہ اور چینی ڈال کر بنایا تو مزیدار حلوہ تیار ہو گیا جو کہ دیکھتے دیکھتے سوہن حلوے کے نام سے مشہور ہو گیا۔
اس کے پکانے میں سات سے آٹھ گھنٹے لگتے ہیں، جبکہ پکا کر پھر ٹھنڈا کرنے کے لیے سردیوں میں تین سے چار اور گرمیوں میں آٹھ  سے 10 گھنٹے لگتے ہیں۔
عمیر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے پہلے سوہن حلوہ 1821 میں تیار کیا گیا تھا جس کے بعد ہر سال اس کی پیداوار اور مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے۔
قدیم زمانے میں یہ ملتان کی گلی کمنگراں میں تیار اور فروخت ہوتا تھا۔ بعد ازاں اس کا مرکز قدیر آباد بن گیا۔ لیکن پھر یہ ملتان میں ہر جگہ سے ملنا شروع ہو گیا اور بہت سے حلوائیوں نے تیار کرنا شروع کر دیا۔
 

سوہن حلوے کا ذائقہ بہت لذیذ اور جدا ہے اور اس کی ترکیب بہت دلچسپ ہے (فوٹو:اردو نیوز)

اب تو سوہن حلوہ نہ صرف پاکستان میں مٹھائی کی ہر دکان سے مل جاتا ہے بلکہ بیرون ملک بھی کئی ایسی جگہوں پر دستیاب ہے جو پاکستان کی سوغاتوں کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔
عمیر عابد کے مطابق جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے انہوں نے اس کی تیاری میں حفظان صحت کے بین الاقوامی معیار متعارف کروائے ہیں اور اس کی انٹر نیشنل سطح پر مارکیٹنگ بھی شروع کر دی ہے۔
’’اب تو سوہن حلوہ آپ آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔ آپ گھر بیٹھے سوہن حلوہ آرڈر کریں اور یہ آپ کے دروازے پر پہنچ جائے گا۔‘‘

سردیوں کے علاوہ مختلف تہواروں بالخصوص عیدین پر سوہن حلوے کی مانگ بڑھ جاتی ہے (فوٹو:اردو نیوز)

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مختلف حلوائی اس کی اقسام میں اضافہ اور معیار میں بہتری لاتے رہے۔اب سادہ سوہن حلوے کے علاوہ خشک میوہ جات اور زعفران والا سوہن حلوہ بھی دستیاب ہے۔
سردیوں کے علاوہ مختلف تہواروں بالخصوص عیدین پر سوہن حلوے کی مانگ بڑھ جاتی ہے اور ملتانی لوگ ملک بھر میں اس کو تحفے کے طور پر بھیجتے ہیں۔
وقت کے ساتھ ساتھ انواع و اقسام کی مٹھائیاں اور چاکلیٹس مارکیٹ میں آئی ہیں لیکن سوہن حلوے کی اہمیت کم ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔

شیئر: