گھر سے کام کریں، فضائی سفر سے گریز کریں: توانائی کے عالمی ادارے کی تجاویز
امریکہ و اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی، جس نے اس ماہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تیل کے سٹریٹجک ذخائر سے ریکارڈ مقدار میں تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا تھا، نے جمعے کو صارفین پر تیل کی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں، جن میں گھر سے کام کرنا اور فضائی سفر سے گریز شامل ہیں۔
امریکہ و اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے دنیا بھر میں مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کی تجاویز ایسے اقدامات پر مشتمل ہیں جو حکومتیں، کاروباری ادارے اور گھریلو صارفین توانائی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے اختیار کر سکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق ان تجاویز میں گھر سے کام کرنا، شاہراہوں پر رفتار کی حد کم از کم 10 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کم کرنا اور اگر متبادل ذرائع دستیاب ہوں تو فضائی سفر سے اجتناب شامل ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے چیف ایگزیکٹیو فاتح بیرول نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے حال ہی میں آئی ای اے کے ہنگامی تیل ذخائر کے تاریخ کے سب سے بڑے اجرا کا آغاز کیا ہے اور میں عالمی سطح پر اہم حکومتوں، بشمول بڑے توانائی پیدا کرنے اور استعمال کرنے والے ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہوں، جو ہماری بین الاقوامی توانائی سفارت کاری کا حصہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ، آج کی رپورٹ میں فوری اور ٹھوس اقدامات کی ایک فہرست پیش کی گئی ہے، جنہیں طلب کے پہلو سے حکومتیں، کاروبار اور گھریلو صارفین اختیار کر کے اس بحران کے اثرات سے صارفین کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔‘
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے 11 مارچ کو عالمی خام تیل کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لیے سٹریٹجک ذخائر سے ریکارڈ 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا تھا، جس میں زیادہ تر حصہ امریکہ کی جانب سے فراہم کیا گیا۔
