Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان: نئی حکومت بنانے کے لیے مشاورت

حسان دیاب نے پارلیمانی گروپوں کے ساتھ مشاورت کا آغازکیا ہے۔ فوٹو: اے پی
 لبنان کے نئے نامزد وزیر اعظم حسان دیاب نے ہفتے کو آئندہ حکومت کی تشکیل کے لیے پارلیمانی گروپوں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کردیا۔
 امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سابق وزیر تعلیم اور یونیورسٹی پروفیسرحسان دیاب کو لبنان کو کئی دہائیوں کے بدترین معاشی اور مالی بحران سے نکالنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ حکمران طبقے کے خلاف ملک گیر احتجاج بھی جار ی ہے۔
 حکومت سازی کے لئے مشاورت سے قبل بیروت اور دیگر علاقوں میں سبکدوش وزیر اعظم ، سعد حریری کے حامیوں اور لبنانی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔ سات اہلکار زخمی ہوئے ۔سابق وزیر اعظم کے حامی حسان دیاب کی نامزدگی پر احتجاج کر رہے ہیں۔

 نامزد وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے سپیکر، نگران وزیر اعظم سعد حریری سمیت سابق وزرائے اعظم سے بات چیت کی ہے۔ فوٹو: اے پی

 نامزدلبنانی وزیر اعظم نے ہفتے کو پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری، نگران وزیر اعظم سعد حریری سمیت سابق وزرائے اعظم سے بات چیت کی ہے۔
 یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی حسان دیاب نے سپیکر اور سعد حریری سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے ماہرین اور سیاسی وابستگی سے آزاد ارکان پر مشتمل حکومت تشکیل دینے کا ارادہ ہے۔
 دریں اثناءسابق وزیر اعظم سعد حریری نے اپنے حامیوں کو پرتشدد مظاہروں پر انتباہ کرتے ہوئے کہا ’ فوج ہماری ہے اور پولیس فورس تمام لبنانیوں کے لیے ہے‘۔

سابق وزیر اعظم سعد حریری نے اپنے حامیوں کو پرتشدد مظاہروں پر انتباہ  کیا ہےفوٹو :ای پی اے

 واضح رہے کہ نئے وزیر اعظم کے لیے حسان دیاب کی نامزدگی کے چند گھنٹے بعد ہی ملک میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
حسان دیاب یونیورسٹی پروفیسر ہیں۔ کمپیوٹر اور کمیونیکیشن کی انجینیئرنگ کے ماہر ہیں۔ بیروت کی امریکن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ہیں۔سابق وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

شیئر: