Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

نیب کے ترجمان کے مطابق احسن اقبال کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کر لیا ہے۔ 
پیر کو نیب کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے رکن احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس سکینڈل میں تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ ’نیب نے ملزم کا طبی معائنہ کرنے کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم طلب کر لی ہے جبکہ احسن اقبال کو کل جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔‘

 

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل میں پریس کانفرنس ہوئے کہا کہ ’احسن اقبال کی گرفتار ی نیب نیازی گٹھ جوڑ کا اظہار ہے۔ احسن اقبال نے کہا تھا کہ وہ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کا منصوبہ پیپلز پارٹی دور حکومت میں منظور ہوا۔ نیب کی انکوائری بند ہو چکی تھی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے احسن اقبال اور خواجہ آصف کو گرفتار کرنے کی وزیراعظم کی بات نہیں مانی تو یہ کیس دوبارہ کھولا گیا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’احسن اقبال کی گرفتاری سے ن لیگ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہم سیاسی انتقام کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ن لیگ بکنے جھکنے والی جماعت نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ احسن اقبال کی دو دن پہلے بازو کی سرجری ہوئی۔ دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے کو سرجری کے فورا بعد گرفتار کرنا قابل افسوس ہے۔

شیئر: