Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں کمبلوں کا کاروبار گرم

ان دنوں ملک بھر میں موسم سرد ہے۔ کراچی، لاہور اور ملک کے گرم حصوں میں پچھلے سالوں کی نسبت زیادہ سردی پڑ رہی ہے جس سے گرم کپڑوں، کمبل اور رضائیوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سردی کے ساتھ ساتھ ملک کے گرم علاقوں میں شادی بیاہ کے سیزن کی وجہ سے بھی رضائیوں اور کمبل کی فروخت بڑھ گئی ہے۔ ریکارڈ سردی کی وجہ سے کوئٹہ میں بھی کمبل کا کاروبار چمک اٹھا ہے۔
کوئٹہ کو جہاں ملک بھر میں خشک میوہ جات کی منڈی سمجھا جاتا ہے وہیں سستے اور اعلیٰ معیار کے قالین اور کمبل کے لیے بھی اس شہر کی مارکیٹیں معروف ہیں۔ افغانستان اور ایران سے سرحدیں ہونے کی وجہ سے بلوچستان میں ہر قسم کا سامان سمگل کرکے لایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ملک کے باقی شہروں کی نسبت یہاں پر سستی اور معیاری اشیاء مل جاتی ہیں۔
کوریا، چین، اسپین اور ایران کے کمبل بھی باقی تمام شہروں کی نسبت کوئٹہ کی مارکیٹوں میں سستے داموں مل جاتے ہیں اس لیے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے لوگ اپنے شہروں میں خریداری کے بجائے کوئٹہ میں موجود اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے کمبل منگواتے ہیں۔ سیرو تفریح کے لیے کوئٹہ اور زیارت آنے والے بھی واپسی پر خشک میوہ جات کے ساتھ ساتھ قالین اور کمبل خریدتے ہیں۔
کوئٹہ کی بڑیچ مارکیٹ میں کمبل کی دکان کے مالک فیض اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہمارے پاس افغانستان سے چمن سرحد کے ذریعے (سمگل کرکے لائے جانے والے) کمبل آتے ہیں۔ ایران سے بھی مال لایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم کراچی پورٹ سے بیرون ملک درآمد کیے گئے کمبل بھی لاتے ہیں۔ اچھے کمبل کوریا اور اسپین کے ہوتے ہیں مگر آج کل چین بھی اچھے معیار کے کمبل بنارہا ہے۔ پہلے تاجر لوگ کوریا اوراسپین کے کمبل لاتے تھے مگر اب چین میں ہی کوریا اور اسپین کے نام کے کمبل بناکر لائے جاتے ہیں۔

تمام شہروں کی نسبت کوئٹہ کی مارکیٹوں میں کمبل سستے داموں مل جاتے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ اب چمن بارڈر سے مال کم آتا ہے کیونکہ سمگلنگ پر بہت سختی ہے مگر اس کے باوجود اب بھی باقی شہروں کی نسبت کوئٹہ میں کمبل کی قیمتیں کم ہیں۔ اس لیے لاہور، اسلام آباد اورپنجاب سے لوگ خریداری کے لیے آتے ہیں۔ پہلے کوئٹہ میں امن وامان خراب تھا تو باہر سے لوگ کم آتے تھے اب گرم علاقوں کے لوگ سیر و تفریح کے لیے بھی آتے ہیں اور خریداری بھی کرتے ہیں۔
فیض اللہ کے مطابق کراچی والے بھی یہاں سے کمبل لے کر جاتے ہیں حالانکہ ہم خود وہاں سے لاتے ہیں مگر پھر بھی وہاں کے لوگ سمجھتے ہیں کہ یہاں پر کمبل سستے ہیں، وہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے کمبل اور قالین خرید کر بطور تحائف بھیجتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں پولیسٹر، کاٹن سمیت مختلف قسم کے کم اور اعلیٰ معیار دونوں کے کمبل ملتے ہیں۔ سنگل بیڈ میں ایک ہزار روپے سے لیکر 25 سو، تین ہزار روپے تک اور ڈبل بیڈ سائز میں دو ہزار روپے سے لیکرچھ ہزار روپے تک کے کمبل ملتے ہیں۔ کچھ کمبل اس سے بھی مہنگے ہوتے ہیں مگر کم لوگ ہی خریدتے ہیں۔

کوئٹہ کی بڑیچ مارکیٹ میں کمبل کی دکان کے مالک کا کہنا تھا کہ ان کے پاس افغانستان سے چمن سرحد کے ذریعے کمبل آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمبل کی قیمت وزن اور موٹائی کے حساب سے مقرر کی جاتی ہے جو کمبل جتنا وزن دار اور موٹا ہوگا اتنا ہی اچھا ہوتا ہے۔ مگر بعض کمبل ایسے بھی ہوتے ہیں کہ وزن دار ہونے کے باوجود اچھی کوالٹی کے نہیں ہوتے۔
کوئٹہ میں ملازمت کرنے والے بہاولپور، پنجاب کے رہائشی نجم شبیر نے بتایا کہ وہ اپنے باس کو گفٹ کرنے کے لیے کمبل لینے آئے ہیں۔ کوئٹہ میں کمبل کی اچھی مارکیٹ ہے یہاں کافی ممالک کی ورائٹیز دستیاب ہیں جو پنجاب کی نسبت کافی سستے بھی ہیں۔ یہاں پر جو ورائٹی اور کوالٹی ملتی ہے وہ پنجاب میں نہیں ملتی اس لیے ہم اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بطور تحفہ بھی بھیجتے ہیں اور وہ بھی ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ ہمارے لیے کمبل بھیجیں۔
نجم شبیر کے مطابق پنجاب میں ان دنوں شادیوں کا سیزن ہے، بہت سارے لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو جہیز میں اچھی چیزیں دیں اس لیے وہ کوئٹہ سے کمبل خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

شیئر: