Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی: فیکٹری میں دھماکہ، 8 افراد ہلاک

آگ بجھانے والے عملے کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے صنعتی شہر ممبئی سے لگ بھگ ایک سو کلومیٹر دور واقع پلگار نامی علاقے کی ایک کمیکل فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس اور آگ بھجانے والا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے جس کے ساتھ ہی فیکٹری میں ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔   
انڈین ٹی وی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ایک مقامی پولیس آفیسر نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ لگ گئی تھی اور اب تک آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس آفیسر کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
تاہم دھماکے کی نوعیت اور وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
پلگار کے ایک نواحی علاقے بوئسر کے گاؤں کولواڈے میں زیر تعمیر یہ کیمیکل فیکٹری انک فارما نامی کمپنی کی ملکیت ہے۔
اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکہ سنیچر کی شام کو 7 بج کر 20 منٹ پر ہوا اور یہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز لگ بھگ 15 کلومیٹر تک سنی گئی۔
مقامی پولیس کے ترجمان ہمت کٹکار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ دھماکے کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں کچھ گھروں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئی ہیں۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: