Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کو لبھا کر لوٹنے والا گرفتار

سینیئر پولیس انسپکٹر دھریندرا کمبلے نے بتایا کہ ملزم قریب 25 خواتین کو نشانہ بنا چکا ہے۔ فوٹو: این ڈی ٹی وی
انڈیا کے شہر ممبئی میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو خود کو اعلی سرکاری افسر ظاہر کر کے رشتے کروانے والی ویب سائٹس پر خواتین کو اپنی طرف راغب کرتا اور ان سے لاکھوں روپے لوٹتا تھا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 32 سالہ ملزم کی شناخت ادیتیا مہاترے کے طور پر ہوئی ہے جو ایک سول انجینیئر ہیں۔
ممبئی کے مقامی پولیس اسٹیشن کے سینیئر پولیس انسپکٹر دھریندرا کمبلے نے بتایا کہ ملزم اب تک تقریباً 25 خواتین کو دھوکا دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ادیتیا نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے شادی کروانے کی ایک مشہور ویب سائٹ پر اپنا پروفائل بنایا اور 25 خواتین کے ساتھ فراڈ کیا۔‘
ادیتیا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خود کو امیر آدمی ظاہر کرنے کے لیے امپورٹڈ برانڈز کی کاروں کے ساتھ تصویریں کھنچواتا تھا تاکہ وہ خواتین کو چکما دے سکے۔
پولیس افسر نے یہ بھی کہا کہ ’وہ ایک سول انجینیئر ہے لیکن خود کو انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) یا انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کا افسر ظاہر کرتا تھا یا یہ کہتا تھا کہ وہ کسی بڑے حکومتی عہدے پر فائز ہے اور ہر خاتون سے پانچ سے لے کر 15 لاکھ روپے لوٹتا تھا۔‘
ادیتیا کے خلاف چند روز پہلے ہی ممبئی کے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی جس پر پولیس نے ایکشن لیا اور انہیں بالآخر سنیچر کو گرفتار کر لیا گیا۔

چند روز قبل پولیس نے خود کو انڈین وزیر داخلہ ظاہر کرنے والے ایئرفورس کے افسر کو گرفتار کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ چند روز قبل ایک خبر آئی تھی کہ انڈین سکیورٹی فورسز نے ریاست مدھیا پردیش میں ایئر فورس کے ایک ونگ کمانڈر کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ بن کر گورنر کو فون کیا تاکہ اپنے دوست کو میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کروا سکیں۔

شیئر: