Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا میں گالف کی گیند جتنے اولے

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارش اور اولے اب دیگر شہروں کا رخ کر رہے ہیں، فوٹو: روئٹرز
آسٹریلیا میں جہاں ایک طرف جنگلات کی آگ نے تباہی پھیلائی ہوئی ہے تو دوسری جانب دارالحکومت کینبرا میں طوفانی بارش کے ساتھ اولے پڑے ہیں جن سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پیر کی صبح آسٹریلوی دارالحکومت کے شہریوں کو اس وقت غیر معمولی صورت حال سے دوچار ہونا پڑا جب طوفانی بارش کے ساتھ آسمان سے گالف کی گیند جتنے بڑے اولے گرے۔ کئی مقامات پر معمولات زندگی میں مصروف شہریوں نے خوفزدہ ہو کر گاڑیوں سے نکل کر شیڈز کے نیچے پناہ لی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آسٹریلوی ساحلی علاقے میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں اور سڈنی میں بھی شدید بارش اور بھاری اولے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے تیز ہوا کے ساتھ سمندری طوفان سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو ساحل پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
آسٹریلوی خبر رساں اداروں کی جاری کردہ ویڈیوز اور تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ گالف کی گیند جتنے حجم کے اولے آسٹریلوی پارلیمنٹ کی عمارت کو ڈھانپے ہوئے ہیں اور گھروں و گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ویڈیوز میں لوگوں کو طوفانی بارش اور بھاری اولوں سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا رہا ہے۔

سڈنی میں بھی شدید بارش اور بھاری اولے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت کینبرا میں خوف پھیلانے کے بعد طوفانی بارش اور اولے دیگر شہروں کا رخ کر رہے ہیں اور برسبین شہر میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا ان دنوں آگ کی وجہ سے بھی خبروں میں ہے جہاں ریاست وکٹوریا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے لاکھوں ایکڑ کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ آگ سے ریسکیو کارکنوں سمیت 25 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک اندازے کے مطابق کروڑوں جنگلی جانور بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

شیئر: