Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی بے بنیاد رپورٹ مسترد کرتے ہیں‘

فردوس عاشق کہتی ہیں کہ تحریک انصاف نے کبھی ایسی رپورٹ شائع نہیں کی، فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان کی حکومت نے ملک میں کرپشن میں اضافے سے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی ترجمان اور وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے جانبدار، من گھڑت اور غیر شفاف قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر شدید تحفظات ہیں، اس رپورٹ کو کون مانے گا؟
’تحریک انصاف نے کبھی ایسی رپورٹ شائع نہیں کی۔‘
فردوس عاشق اعوان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور میڈیا میں لایا جائے۔‘
’کرپشن کنگ اس رپورٹ کو اپنے گناہ چھپانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور باہر بیٹھ کر ایسی تنظیموں کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں۔‘
’ماضی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پاکستانی چیپٹر کے سربراہ کو بیرون ملک سفیر لگایا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بات کرنے کے بجائے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی رپورٹ پر بات کرے۔‘
نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پہلے تو لمہ بہ لمحہ ان کے پلیٹ لیٹس کی رپورٹ لاتے رہتے تھے، انہیں  چاہیے کہ وہ اب بھی اپنے مریض کے پلیٹ لیٹس کی تازہ رپورٹ سامنے لائیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ’ ملک میں کرپشن کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا نصب العین ہے اور وہ اس سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘

شیئر: