Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ اور یورپی یونین کا اتحاد اختتام کے قریب

برطانیہ 1973 میں یورپی یونین کا حصہ بنا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
رواں مہینے کی آخری تاریخ کو رات کے گیارہ بجے، برطانیہ کا یورپی یونین کے ساتھ دہائیوں پر محیط اتحاد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یورپی یونین کے 28 ممالک پر مشتمل اتحاد کو چھوڑنے والا پہلا ملک برطانیہ ہو گا۔
جمعرات کو ملکہ برطانیہ نے بریگزٹ معاہدے کے بل کی تائید کر دی تھی جس کے تحت برطانیہ 31 جنوری 2020 کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔ ملکہ برطانیہ کی تائید کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے بھی بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔ تاہم بریگزٹ معاہدے کی برطانوی پارلیمان سے منظوری ابھی باقی ہے۔
برطانیہ سنہ 1973 میں یورپی یونین کا حصہ بنا تھا۔
برطانیہ کی علیحدگی کے بعد دیگر یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات میں فوری تبدیلیاں متوقع نہیں ہیں۔ 31 دسمبر تک برطانیہ دیگر یورپی ممالک کے ساتھ آزادانہ طور پر تجارت کر سکے گا۔
2016 میں ریفرینڈم کے ذریعے 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا، جبکہ 48 فیصد نے مخالفت کی تھی۔ گذشتہ تین سالوں میں برطانیہ کی پارلیمان بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قاصر رہی تھی۔
بورس جانسن کے بطور وزیراعظم انتخاب کے بعد سے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی راہ بھی ہموار ہو گئی تھی۔

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی

بورس جانسن نے انتخابی مہم کے دوران بریگزٹ پر عمل درآمد کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ عوام نے کنزرویٹو پارٹی کو بریگزٹ اور ملک کو متحد کرنے کے لیے ’مضبوط‘ مینڈیٹ‘ دیا ہے۔
علیحدگی کے بعد برطانیہ کو نئی شرائط و ضوابط پر یورپی یونین کے ساتھ  رشتہ قائم کرنا ہو گا، جس کے لیے وزاراعظم بارس جانس نے 31 دسمبر تک کا وقت مانگا ہے۔
تاہم یورپی یونین کے خیال میں اتنی کم مدت میں ایسا کرنا ناممکن نہیں ہو گا، یا تو برطانیہ اپنے عزائم کو محدود کرے یا پھر مزید وقت کی درخواست کرے۔
31 جنوری کو برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے موقع پر بورس جانس خصوصی خطاب کریں گے۔
بریگزٹ معاملے پر برطانوی عوام کی منقسم رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری تقریبات سے گریز کیا جائے گا۔

یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 36 لاکھ افراد برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

آئندہ دنوں میں 50 پینس کا یادگاری سکہ بھی جاری کیا جائے گا جس پر ’امن، خوشحالی اور تمام قوموں کے ساتھ دوستی‘ کے الفاظ درج ہوں گے۔
بعض کے خیال میں برطانیہ اور یورپی یونین کے الحاق کی مدت ختم ہونے کے موقع پر رات کے گیارہ بجے لندن کے تاریخی گھنٹہ گھر ’بگ بین‘ سے گھنٹیاں بجائی جائیں۔ اس تجویز کے بجائے ڈاؤننگ سٹریٹ کی دیوار پر ڈیجیٹل گھڑی نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر اتحاد کے اختتام تک کاؤنٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔
برطانوی وزیراعظم کے مطابق بریگزٹ معاہدے کے بعد سے شہریوں کی  یورپی ممالک میں آزادانہ آمد و رفت پر پابندی عائد کی جائے گی۔
یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 36 لاکھ افراد برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ دس لاکھ برطانوی شہری دیگر یورپی ممالک میں رہ رہے ہیں۔

شیئر: