Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین کو انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا‘

امریکہ اور فرانس نے چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
چین میں تیزی سے پھیلتے خطرناک کورونا وائرس کے پیش نظر شیندونگ سمیت ملک کے تین بڑے شہروں سے متاثرہ ہوبائی صوبے کو جانے والی بسوں کی سروس معطل کر دی گئی ہے جبکہ وائرس کے مرکز ووہان شہر میں فوجی کی طبی ٹیمیں پہنچی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 56 ہو گئی ہیں جبکہ 1400 سے زائد افراد اب تک اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
ادھر چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ملک کو انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا ہے اور کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔

 

چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی جن پنگ نے نئے چینی سال کے حوالے سے منعقدہ خصوصی حکومتی اجلاس کے دوران کورورنا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق اجلاس کا انعقاد نئے چینی سال کے موقع پر ہونے والی عام تعطیل کے دن کیا گیا۔
دوسری جانب امریکہ اور فرانس نے چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ووہان میں قونصلیٹ کے عملے اور امریکی شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی پرواز چلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہوبائی صوبے کا مرکزی شہر ووہان کورونا وائرس کا بھی مرکز ہے جہاں سے یہ متعددی مرض دیگر علاقوں تک پہنچا۔ فوٹو: اے ایف پی

فرانس کی حکومت اور فرانسیسی کار ساز کمپنی پی ایس اے نے کہا ہے کہ سٹاف اور ان کے متعلقین کو ووہان سے ملحقہ صوبے میں منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق برطانونی سائنسدانوں اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چین اس وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول نہیں کر سکے گا اور جنگلی حیات کو کھانے میں استعمال کرنے کے رجحان کی وجہ سے وائرس پھیلا۔
چین میں وائرس سے متاثرہ بہت سے شہروں میں سفری پابندیاں عائد ہیں جبکہ اتوار سے نجی گاڑیوں کو بھی سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبائی کے مرکزی اضلاع میں نقل و حرکت نہیں کرنے دی جائے گی۔ صوبے کا مرکزی شہر ووہان کورونا وائرس کا بھی مرکز ہے جہاں سے یہ متعددی مرض دیگر علاقوں تک پہنچا۔

شیئر: