Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمانے پر دکاندار شکایت کر سکتا ہے؟

چیکنگ کا نیا نظام جدہ جدید اور ذھبان سے اتوار کو شروع ہو گا، فائل فوٹو
جدہ شہر میں بلدیاتی امور کی نجی اداروں کے ذریعے نگرانی کا کام اتوار سے شروع ہو جائے گا۔ جدہ میونسپلٹی نے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنی ’علم‘ کے تعاون سے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق نجی ادارے کے انسپکٹرز دکانوں کا معائنہ کر کے خلاف ورزیوں کا ریکارڈ میونسپلٹی کو مہیا کریں گے۔ یہ افسران کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں دکاندار پر اپنے طور پر نہ تو کوئی جرمانہ عائد کرسکیں گے اور نہ ہی کوئی کارروائی کریں گے۔
جدہ میونسپلٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب انسپکٹرز کے اختیارات خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے بجائے خلاف ورزیوں کا ریکارڈ محفوظ کرنے میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔ انسپکٹرز دکانوں میں موجود خلاف ورزیوں کی تصاویر لیں گے اور ایپلی کیشن کے ذریعے خصوصی کمیٹی کو بھیج دیں گے۔ کمیٹی کے ارکان اپنے طور پر تصاویر کا تجزیہ کر کے فیصلہ کریں گے کہ تصویر کے ذریعے نمایاں کی جانے والی خلاف ورزی ہے بھی یا نہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انسپکٹرز کا کام اب دفتر میں نہیں ہو گا بلکہ وہ بازاروں کا چکر لگائیں گے اور ان کے پاس دکانوں کی ایک فہرست ہو گی جہاں جا کر وہ خلاف ورزیوں والے امور کی تصاویر لے کر کمیٹی کو ارسال کریں گے۔ افسران کو کسی ایک علاقے کی دکانوں پربار بار جانے کی اجازت نہیں ہو گی تاکہ دکانداروں اور ان کے درمیان نجی تعلقات پیدا نہ ہوجائیں۔
ذرائع نے توجہ دلائی ہے کہ اگر کمیٹی نے کسی دکاندار کو جرمانے کا نوٹس بھیجا تو دکاندار کواس پر شکایت کا حق ہوگا۔ دکاندار نے اپنی شکایت درج نہ کرائی تو ایسی صورت میں جرمانہ نافذ ہوجائے گا۔ شکایت کی صورت میں اعلیٰ حکام فیصلہ کریں گے۔
العربیہ نیٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انسپکٹرز کی تنخواہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہو گی۔ ان کی میڈیکل انشورنس بھی ہو گی۔ ہرانسپکٹر کو اپنی ڈیوٹی کے لیے گاڑی دی جائے گی۔ اگر کسی انسپکٹر نے ایک سے زیادہ بار غلطیاں کیں تو اسے ٹریننگ کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے باوجود بھی انسپکٹرز سے غلطیاں ہوئیں تو اسے برطرف کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا طریقہ کار اتوار کو باقاعدہ جدہ جدیدہ اور ذھبان سے شروع کیا جائے گا، پھر رفتہ رفتہ جدہ کی نو بلدیاتی کونسلوں تک اس کا دائرہ پھیلا دیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں صفائی امور کی نگرانی کے لیے اسی طرح کے انسپکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔
                              
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: