Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی جلد شادی ہو رہی ہے؟

عالیہ کو حال ہی میں ایک شادی میں رنبیر اور ان کی والدہ کے ساتھ دیکھا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وڈ کی سٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے بارے میں اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ وہ رواں برس شادی کرنے والے ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق فلم نقاد اور شوبز صحافی راجیو مساند نے ’اوپن میگزین‘ میں لکھا ہے کہ عالیہ اور رنبیر دسمبر میں شادی کرنے جا رہے ہیں۔
صحافی کا کہنا ہے کہ ’دونوں نے شادی کی تاریخ تقریباً طے کر لی ہے جس کا اعلان رواں سال کے آخر میں چار دسمبر کو فلم ’براہماسرا‘ کی ریلیز کے بعد کیا جائے گا۔‘
فلم ڈائریکٹر ایان مکھرجی کی اس فلم میں رنبیر اور عالیہ بھٹ پہلی مرتبہ جلوہ گر ہوں گے۔
اوپن میگزین کے مضمون میں یہ بھی لکھا ہے کہ رنبیر اور عالیہ کے گھروں میں دسمبر میں ہونے والی شادی کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں، جبکہ دونوں کے رشتے داروں کو بھی شادی کے بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس اپریل میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عالیہ نے اپنی شادی کا لہنگا بنوانے کے لیے ڈیزائنر سیبیا ساچی کو آرڈر دے دیا ہے۔
اسی طرح جب گذشتہ برس رنبیر کے والد رشی کپور امریکہ میں ایک سال کینسر کا علاج کروانے کے بعد واپس آئے تھے تو اس وقت بھی کہا جا رہا تھا کہ رنبیر جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔

عالیہ بھٹ کی والدہ نے ان خبروں کو افواہیں کہہ رد کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

عالیہ بھٹ کی والدہ نے ان خبروں کو افواہیں کہہ رد کر دیا تھا۔
حال ہی میں عالیہ کو رنبیر اور ان کی والدہ نیتو کپور کے ساتھ ارمان جین اور انیسا ملہوترا کی شادی میں دیکھا گیا تھا۔ عالیہ دہلی میں رشی کپور کی عیادت کرنے بھی گئی تھیں۔
اگر دسمبر میں شادی کی خبریں حقیقت کا روپ دھار لیتی ہیں تو فلم ’براہماسرا‘ کے بعد بالی وڈ کی ایک بڑی شادی ہونے جا رہی ہے۔ کوئی شک نہیں کہ ان کے فین اس فلم کا بے تابی سے انتظار کریں گے۔

شیئر: