Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام آدمی پارٹی نے تیسری بار میدان مار لیا

اروند کیجریوال کی پارٹی تیسری بار حکومت سازی کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں برسر اقتدارعام آدمی پارٹی (آپ) نے میدان مار لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی نے دہلی کے ریاستی انتخابات میں 70 نشستوں میں سے 62 سیٹیں جیت لی ہیں، مرکز میں برسراقتدار جماعت بی جے پی کو صرف آٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ کانگرس کوئی بھی سیٹ نہ جیت سکی۔
منگل کو سرکاری نتائج جاری ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی کے کارکنوں میں جوش وخروش نظر آ رہا ہے اور پارٹی کے صدر دفتر کے باہر جشن کا ماحول ہے۔
پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ ’اس جشن میں پٹاخے نہیں چھوڑے جائیں گے۔‘ واضح رہے کہ دہلی کی ہوا میں آلودگی سالہا سال سے ایک بڑا مسئلہ نظر آتی ہے۔
دہلی کے ریاستی انتخابات میں اروند کیجریوال کی پارٹی کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل کانگریس کی جانب سے شیلا ڈکشٹ نے مسلسل 15 سال دہلی پر حکومت کی تھی۔
سنیچر کو ڈالے گئے ووٹوں کے بعد تمام ایگزٹ پولز نے یہ بتایا تھا کہ عام ‏آدمی پارٹی کو کم سے کم 44 سیٹیں ملیں گی جبکہ زیادہ سے زیادہ اسے 70 میں سے 68 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی میں 2015 کو ہونے والے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 67 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ اس طرح ’آپ‘ کو گذشتہ الیکشن کے مقابلے میں پانچ نشستیں کم ملی ہیں۔

عام آدمی پارٹی نے مذہب کے بجائے اپنے کام کی بنیاد پر ووٹ مانگے تھے۔ فوٹو اے ایف پی

دوسری جانب بھارتیا جنتا پارٹی نے اگرچہ صرف 8 نشستیں جیتی ہیں تاہم 2015 کے مقابلے میں اس کی 5 سیٹیں زیادہ ہیں۔ الیکشن سے قبل بی جے پی کے رہنما اور رکن پارلیمان منوج تیواری نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی 48 سیٹیں جیتے گی اور انہوں نے کہا تھا کہ لوگ ان کی ٹویٹ کو سنبھال کر رکھیں کیونکہ ایگزٹ پول کے نتائج غلط ثابت ہوں گے اور حکومت بی جے پی کی بنے گی۔
ان کے ساتھ کئی دوسرے بی جے پی رہنماؤں نے جیت کا دعویٰ کیا تھا جس سے عوام میں شبہات پیدا ہو گئے تھے، لیکن منگل کی صبح دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سیسودیا نے کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی کی جیت کے متعلق پراعتماد ہیں کیونکہ ان کی پارٹی نے پچھلے پانچ برسوں میں بہت کام کیا ہے۔
دہلی میں حکومت سازی کے لیے 36 سیٹیں مطلوب ہیں اور عام آدمی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔
عام آدمی پارٹی نے اپنے کام کے نام پر ووٹ مانگے تھے جبکہ بی جے پی دہلی کے ووٹروں کو کبھی مذہب کے نام پر اور کبھی شاہین باغ کے نام پر پولرائز کرنا چاہ رہی تھی۔
بے جے پی دہلی کے مسائل کو بظاہر نظر انداز کرتی نظر آئی اور وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت بی جے پی کے تمام اہم رہنماؤں نے دہلی کے انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی اور قومی مسائل کو اٹھایا۔

شیئر: