Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اچھی بریانی، نہاری و حلیم کہاں ملے گی؟‘

ڈیرن سیمی اپنے کھیل کے علاوہ آف دی فیلڈ سرگرمیوں کے لیے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان سپر لیگ سیز فائیو کے شروع ہونے کی تاریخیں قریب آتے ہی ٹورنامنٹ سے متعلق سرگرمیوں میں بھی تیزی آ رہی ہے۔ دیگر فرنچائزز بھی فعال ہیں تاہم پشاور زلمی فی الوقت سرگرمیوں میں دوسری ٹیموں سے کہیں آگے نظر آتی ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے ڈیرن سیمی پہلے غیر ملکی کھلاڑی بنے تو انگلش کرکٹر ٹائم بینٹن نے بھی ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے پی ایس ایل کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کر ڈالا۔ البتہ ان کے اعلان میں کراچی والوں سے ایک فرمائش بھی شامل تھی۔
قبل ازیں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈیرن سیمی پاکستان پہنچے تو پشاور زلمی نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’کپتان واپس آ گیا‘ کی سرخی جمائی تھی۔
دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ وننگ چیپمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز کا حصہ رہنے والے 36 سالہ ڈیرن سیمی دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور میڈیم پیس بولنگ بھی کرتے ہیں۔
ہر مرتبہ کچھ دلچسپ کرنے کی شہرت رکھنے والے پشاور زلمی کے کپتان نے اس بار پی ایس ایل سے پہلے ہی نیا کر ڈالا۔ پاکستان پہنچنے سے قبل ڈیرن سیمی کی ٹوئٹر سرگرمی نے شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔
اپنے ٹوئٹر پیغامات کے لیے انہوں نے اردو زبان کا سہارا لیا۔ متعدد صارفین نے اردو ٹویٹس پر ڈیرن سیمی کو سراہا اور اسے مقامی قدروں کے فروغ کے لیے مثبت عمل قرار دیا۔ اردو ٹویٹس کے لیے آٹو ٹرانسلیشن کا استعمال ٹھیک نہیں ہو سکا تو ڈیرن سیمی نے اس کا اقرار بھی کیا۔

کراچی ایئر پورٹ پر موجود شائقین کرکٹ نے ڈیرن سیمی کے ساتھ سیلفیاں لیں اور تصاویر بنائیں۔
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی پی ایس ایل فائیو کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز 14 فروری سے کراچی میں کرے گی۔

ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے پاکستان پہنچنے والے پہلے غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ فوٹو: پشاور زلمی

20 فروری سے 22 مارچ تک منعقد ہونے والی پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پہلی بار پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں جب کہ کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ٹام بینٹن نے اپنی ٹویٹ میں کراچی والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کراچی والو! ڈیرن سیمی کے بعد میں بھی جلد کراچی آنے والا ہوں۔ اب جلدی سے یہ بتائیں کراچی کی مشہور اور سب سے اچھی بریانی، نہاری اور حلیم کہاں ملے گی؟‘
پی ایس ایل میں اب تک کیا ہوا؟
پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن پی ایس ایل فور کا فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اعصاب شکن مقابلے میں سرفراز احمد کی زیرقیادت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے زلمی کے مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی تھی۔ اس سے قبل یہی دونوں ٹیمیں 2017 میں پی ایس ایل فائنل میں مدمقابل آئی تھیں جہاں میدان پشاور زلمی کے نام رہا تھا۔
پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے چار سیزنز میں سے دو اسلام آباد یونائیٹڈ، ایک پشاور زلمی اور ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام رہا ہے۔ گزشتہ سیزن میں شامل ہونے والی ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز اب تک ٹرافی نہیں جیت سکے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: