Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سردی کی لہر، ریاض میں درجہ حرات منفی

سردی کی لہر برصغیر سمیت خطے کے دیگر ممالک میں محسوس کی جائے گی۔ فوٹو: طقس العرب
سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں سردی کی شدید لہر آج بھی جاری رہے گی جبکہ ریاض، مکہ مکرمہ، جازان اور نجران میں گرد وغبار کے طوفان کا خدشہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’گزشتہ رات ریاض میں سرد تر تھی جہاں بعض علاقوں میں درجہ حرات منفی جبکہ بعض منفی سے بھی نیچے گر گیا تھا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’آج بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی شدید سرد ہو گی جبکہ جمعہ سے سردی کی لہر سعودی عرب کی فضا سے نکلنا شروع ہوگی۔‘
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’جازان ریجن کی مختلف کمشنریوں میں آج بارش کی توقع ہے۔ جیزان شہر کے علاوہ ابو عریش، احد المسارحہ، طوال اور صامطہ میں گرد آلود ہوا بھی چلے گی۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’آج بدھ کو جدہ، طائف، قنفذہ، اللیث، اضم، جموم، خرمہ، تربہ اور دیگر علاقوں میں گرد غبار ہوگا۔‘
دوسری طرف ریاض محکمہ تعلیم نے ایک مرتبہ پھر والدین کو یاد دہانی کروائی ہے کہ سردی کی شدید لہر کے باعث وہ اپنے بچوں کو سکول بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ خود کریں۔
محکمے کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ’شہر بھر کے سکول کھلے رہیں گےتاہم اگر کوئی طالبعلم نہیں آتا تو اس سے مواخذہ نہیں ہوگا۔‘
سردی کی شدید لہر کے حوالے سے طقس العرب ویب سائٹ نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعہ کو موسم میں اچانک تبدیلی ہوگی اور دن کے وقت گرمی محسوس کی جائے گی۔
ویب سائٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’جمعرات سے سردی کی لہر سعودی عرب کی فضائی حدود سے نکلنا شروع ہوگی اور اس کا رخ جنوب مشرقی ایشیا کی طرف ہوگا۔‘
ماہرین نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر جمعہ سے برصغیر سمیت خطے کے دیگر ممالک میں محسوس کی جائے گی۔‘

شیئر: