Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کی کرکٹ ٹیم کا ون ڈے میچ میں عالمی ریکارڈ

امریکہ کی پوری ٹیم 12 اوورز میں 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی، فوٹو: ٹوئٹر
امریکہ کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ میچ میں نیپال کے خلاف 35 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اس طرح وہ 50 اوورز کے میچ میں کم ترین سکور کا رکارڈ قائم کرنے والی زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہو گئی ہے۔
بدھ کو نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے نے 16 رنز دے کر 6 امریکی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس طرح امریکہ کی پوری ٹیم 12 اوورز میں 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی۔

 

ویسٹ انڈیز میں پیدا ہونے والے امریکی اوپنر زاویئر مارشل ڈبل فگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے۔ ۔نیپال کے دوسرے سپنر سشان بھاری نے صرف پانچ رنز دے کر باقی کے چار بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔
نیپال کی ٹیم جو ہوم گراؤنڈ پر اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز کھیل رہی تھی، نے مقررہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر چھٹے اوور کی دوسری بال پر حاصل کر لیا۔ نیپال کے دونوں اوپنرز دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔
نیپال کی جانب سے تِمل پٹیل نے لگاتار تین گیندوں پر چوکا، چھکا اور چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
واضح رہے کہ امریکہ سے قبل 2004 میں زمبابوے کی ٹیم سری لنکا کے خلاف ہرارے میں 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
امریکہ کو گذشتہ برس ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو میں حصہ لینے کے بعد ایک روزہ میچ کا سٹیٹس ملا۔ ان دنوں امریکہ، نیپال اور اومان کے مابین کھٹمنڈو میں سہ ملکی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔

شیئر: