Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: ’محنت کر، حسد نہ کر‘

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی افتتاحی تقریب میں میزبانی کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والے احمد گوڈیل کا کہنا ہے کہ میرے والدین کو تو بخش دیں۔
پی ایس ایل تقریب کے دوران ان کے انداز میزبانی پر تنقید ہوئی تو احمد گودیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا ’جو لوگ مجھے ٹرولنگ کا نشانہ بنانے اور خالص جلن کی وجہ سے میرا مذاق اڑا رہے ہیں، یہ ہضم نہیں کر پا رہے کہ کوئی یہاں تک کیسے پہنچ سکتا ہے۔ آپ سب کی محبتوں، نفرتوں، احترام، ہتک اور تعاون کا شکریہ۔ آخر میں: محنت کر حسد نہ کر‘۔
یہ پیغام سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر اور فیس بک پر ان سے متعلق بننے والی میمز، خاکوں اور لطائف سمیت طنزیہ اپ ڈیٹس کی تعداد بڑھتی چلی گئی۔ 
بیا علی زیب نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’اپنی پہلی بڑی پرفارمنس کے بعد گوڈیل کی جانب سے ایسا میسج دل جیتنے کا باعث نہیں بن سکتا۔ انہیں کہنا چاہیے تھا کہ وہ مستقبل میں بہتری کی کوشش کریں گے، ایسا کرکے وہ بڑے آدمی بن سکتے تھے۔ آپ سوشل ٹرولنگ نہیں روک سکتے لیکن آپ کھلے عام بولے جانے والے اپنے الفاظ پر قابو رکھ سکتے ہیں۔‘
فیس بک پر جاری کی جانے والی اپنی ایک ویڈیو میں احمد گوڈیل نے کہا وہ حیران ہیں کہ لوگ انہیں ٹرولنگ کا نشانہ کیوں بنا رہے ہیں؟ کیا غلط ہوا، ان سے کہاں کچھ کمی رہی؟ کیا سٹیج پر دھوپ کے چشمے پہننا غلط تھا، اونچا بولنے کو آپ سب نے وزیراعظم عمران خان کی نقل سمجھا کیا یہ کوئی مسئلہ تھا؟ یا میری طویل گفتگو مسئلہ رہی؟
ویڈیو کے ساتھ دیے گئے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’تنقید کریں لیکن تعمیری انداز میں، ذاتی سطح پر نہ اتریں اور خدارا مجھے یا میرے اہل خانہ کو تضحیک کا نشانہ نہ بنائیں۔‘

انہوں نے لکھا ’میں جانتا ہوں کہ پی ایس ایل ایونٹ ایک بڑی سرگرمی تھی جس کے متعلق لوگ حساس بھی ہیں اور زیادہ توقعات بھی رکھتے ہیں۔ آنے والے وقت میں کوشش کروں گا کہ ان توقعات پر پورا اتر سکوں اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’وہ تہہ دل سے سچے پاکستانی ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک کے نوجوان ٹیلنٹ کو سراہا جائے اور نقلیں اتارنے کے بجائے اسے پروموٹ کیا جائے۔ ایسا نہ ہوا تو نیا ٹیلنٹ یہ سوچ کر سامنے آنے سے گھبرائے گا کہ اسے 22 کروڑ لوگ ٹرول کریں گے۔‘
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں پہلی بار تمام میچز پاکستان میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔
جمعرات 20 فروری کو کراچی میں افتتاحی تقریب اور پہلے میچ سے شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ پی ایس ایل کا فائنل اور اختتامی تقریب لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: