Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان

پشاور زلمی کے چیئرمین نے ڈیرن سیمی کی شہریت کی درخواست کی تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور ملک کا اعلی ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کے اعتراف میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو23 مارچ کو اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ اور اعزازی شہریت سے نوازیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جا رہی ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے اپنی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستانی شہریت دیے جانے کی درخواست کی گئی تھی۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ڈیرن سیمی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں شہریت دی جائے۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین سول اعزاز دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کی خبر سامنے آئی ہے تو پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے کہا پاکستان سے محبت کرنے والے ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت ملنا پشاور زلمی اور پاکستان کے تمام کرکٹ فینز کے لیے  باعث فخر ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں جاوید آفریدی نے کہا کہ " ‏ڈیرن سیمی کو  پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ صدر مملکت کا حقیقت میں کرکٹ اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کے جذبات و احساسات کا عکاس ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ‏پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز پشاور زلمی کے حصے میں آیا کہ اس کے کپتان ڈیرن سمی کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلے ترین سول ایوارڈ  سے نوازا گیا۔
ڈیرن سیمی اپنے دلچسپ انداز اور کھیل کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ شائقین میں خاصے مقبول ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کا مستقل حصہ رہنے والے کیریبیئن کھلاڑی ابتدا سے ہی پشاور زلمی سے وابستہ ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں
  •  
 

شیئر: