Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونائیٹڈ نے قلندرز کو 71 رنز سے ہرا دیا

یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے 59 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 71 رنز سے ہرا دیا ہے۔ 
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 
لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ  صفر پر پہلے ہی اوور میں گر گئی۔  سی اے لِن ڈیل سٹین کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 10 رنز بنا کر محمد عاکف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
 
سلمان بٹ 21 اور بین ڈنک 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سیمت پٹیل چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ شاداب خان نے حاصل کی۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور وہ صرف پانچ رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ عثمان شنواری نے 30 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس اور ظفر گوہر نے تین تیں وکٹیں حاصل کیں جب کہ کپتان شاداب خان نے دو اور ڈیل سٹین اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 17 ہویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو اوپنرز کولن منرو اور لیوک رونکی نے شان دار آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے 103 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔  اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے 59 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ کولن منرو کو شاندار کارکردگی پر مین آف دے میچ قرار دیا گیا۔
لیوک رونکی اور کولن منرو قلندرز کے بولرز پر پوری طرح حاوی رہے اور گراؤنڈ کے چاروں طرف سٹروکس کھیلتے رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب لیوک رونکی 48 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔  یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور وہ صرف سات رنز بنا کر محمد فیضان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ  صفر پر پہلے ہی اوور میں گر گئی (فوٹو: ٹوئٹر)

یونائیٹد کو تیسرا نقصان 159 رنز کے مجموعی سکور پر کولن انگرم کی صورت میں ہوا۔ انگرم سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آصف علی 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ، سلمان ارشاد اور محمد فیضان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز نے گذشتہ روز دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37  رنز سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کی تھی۔
پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیمیں اس سے قبل بھی ایک مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز پانچ میچز میں چار فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ اسلام آبد یونائیٹد دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
کراچی کنگز تیسرے اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور قلندرز کے خلاف شکست کے بعد چوتھے نمبر پر ہے اور ان کے چھ میچوں میں چھ ہی پوائنٹس ہیں۔ پشاور زلمی پانچویں نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز کو پانچ میں سے چار میچز میں شکست ہوئی ہے اور اس کے صرف دو پوائنٹس ہیں۔

شیئر: