Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان:کورونا کیسز کی تعداد سات ہو گئی

دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 36 سو کے قریب پہنچ چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے ایک اور مریض کی تصدیق ہونے کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے اتوار کو کراچی کے ایک اور شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔
چین سمیت دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 36 سو کے قریب پہنچ چکی ہے اور ایک لاکھ سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق چین سے ہے۔
اتوار کی شام ہونے والے محکمہ صحت کے خصوصی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ چار افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے ایک 50 سالہ شہری کا رزلٹ مثبت آیا اور متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے متاثرہ شخص کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ مرکز میں منتقل کر دیا ہے جبکہ صوبائی حکومت مریض کی سفری معلومات بھی اکٹھی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کو کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل ہونے والے پاکستان کے پہلے کورونا وائرس کے مریض کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔
قبل ازیں جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وائرس کے چھٹے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’کورونا کا چھٹا مریض سندھ میں ہے اور اس کی صحت بہتر ہے، مریض کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘

پاکستان میں کورونا وائرس کے چوتھے کیس کی تصدیق چند روز قبل کی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ ڈاکٹر ظفر مرزا نے منگل کو بھی ٹویٹ کی تھی اور کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق ہو گئی ہے اور یہ وفاقی علاقے میں سامنے آیا ہے۔‘
پاکستان میں کورونا وائرس کے چوتھے کیس کی تصدیق گذشتہ سنیچر کو کی گئی تھی۔
26 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ’پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سندھ اور دوسرا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم اس وقت 15 مزید مشتبہ کیسز پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل 100 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کروائے گئے تھے جو تمام کلیئر پائے گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان نے ہمسایہ ملک ایران  کے ساتھ تفتان جبکہ افغانستان کے ساتھ چمن بارڈر بند کر رکھا ہے۔

شیئر: