Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کویت میں کرفیو لگانے کی نوبت نہیں آئی‘

لیبیا میں بھی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ( فوٹو: العربیہ)
خلیجی ریاستوں سمیت دیگر عرب ممالک میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ریاستی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ جہاں کورونا کے مریضوں میں روز اضافہ ہورہا ہے وہاں حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس مرض سے بعض لوگ شفایاب بھی ہو رہے ہیں۔
ذیل میں عرب ممالک کی تازہ ترین صورتحال ہے:
  • کویت
کویتی وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے شکار دو مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔‘
کویتی اخبار القبس کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’کورونا کے شفایاب مریضوں کی تعداد سات ہوگئی ہے جنہیں گھر جانے کی اجازت مل گئی ہے۔‘
دوسری طرف کویتی پولیس کی بڑی نفری شہر کے مختلف مقامات کے علاوہ ساحل سمندر پر تعینات کردی گئی ہے جس کا کام لوگوں کو بڑی تعداد میں جمع ہونے سے روکنا ہے۔‘
کویت پولیس نے ساحل سمندر پر گاڑیوں کی تمام پارکنگ ایریا کو بند کردیا ہے۔ لوگوں کو جمع ہونے سے روکا جا رہا ہے۔
کویت پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ ’ابھی تک حالات قابو میں ہیں۔ حکومت کرفیو نافذ نہیں کرنا چاہتی۔‘
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’کویت میں کورونا کے باعث حالات اتنے بے قابو نہیں ہیں کہ کرفیولگانے کی نوبت آجائے۔‘
  • عمان
سلطنت عمان نے کورونا وائرس کے شکار نئے مریض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملک میں مریضوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔‘
عمانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے مریضوں میں سے 18 کو ایران جانے سے وائرس منتقل ہوا ہے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’ایک مریض کو اٹلی جانے سے متعدی بیماری لگی ہے۔‘
عمانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’لوگوں کی سلامتی کے لیے وزارت نے احتیاطی تدابیر پر عمل کر رکھا ہے، بڑی تعداد میں لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا منع ہے۔‘
  • لیبیا
لیبیا کی وزارت تعلیم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات کے تحت تمام سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق لیبی وزیر تعلیم محمد عماری نے نے کہا ہے کہ ’تمام تعلیمی مراحل وقتی طور پر معطل ہیں تاہم شہریوں کو اطمینان دلانا چاہتے ہیں کہ ملک کے کسی تعلیمی ادارے میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔‘
  • مصر
مصری وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا کا ایک مریض شفایاب ہوگیا ہے۔ اسے قرنطینہ سے نکالا گیا ہے۔

خلیجی ریاستوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہے ( فوٹو: العربیہ)

اخبار الیوم کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’شفایاب ہونے والے مریض کے بعد اب ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 32 رہ گئی ہے‘۔
وزارت صحت کے مشیر ڈاکٹر خالد مجاہد نے کہا ہے کہ ’کورونا کے شبے میں 13 نئے افراد کو طبی تحویل میں دیا گیا ہے، ان کا لیبارٹری ٹیسٹ ہوگا۔‘
  • ماریطانیا
ادھر ماریطانیا میں کورونا کے پہلے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صحت محمد نذیر نے کہا ہے کہ ’کورونا کا مریض غیر ملکی سیاح ہے جو کسی یورپی ملک سے آیا ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے ’گو کہ ملک کورونا سے پاک ہے مگر اس کے باوجود حکومت نے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’سرحدی چوکیوں پر حفاظتی اقدامات کے باعث ملک کورونا سے محفوظ ہے۔‘

شیئر: