Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ میں خوراک کا سب سے بڑا ذخیرہ

روزانہ 15ہزار ٹن گندم سے آٹا تیار کرنے کی استعداد ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت کے مطابق ’دنیا بھر کو درپیش مسائل کے باوجود مشرق وسطیٰ میں خوراک کا سب سے بڑا ذخیرہ سعودی عرب کے پاس ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کے افسران غلہ جات کے اعلیٰ ادارے کے گوداموں کا دورہ کرکے  اس بات کا اطمینان حاصل کررہے ہیں کہ ملک میں کھانے پینے کی چیزیں اور اشیائے صرف وافر مقدار میں موجود ہیں یا نہیں۔
وزارت تجارت کے افسران اس طرح کے تمام اداروں کے مسلسل دورے کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ غلہ جات کا اعلیٰ ادارہ 3.3 ملین ٹن سے زیادہ گندم سے انواع و اقسام کی روٹیاں اور بیکری مصنوعات تیار کراتا ہے۔

’مشرق وسطیٰ میں خوراک کا سب سے بڑا ذخیرہ سعودی عرب کے پاس ہے‘ (ٹوئٹر)

وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ غلہ جات کے اعلیٰ ادارے کے پاس آٹے کی 4 لاکھ 50 ہزار بوریاں تقسیم کے لیے موجود ہیں۔
غلہ جات کا اعلیٰ ادارہ روزانہ 2 لاکھ 80 ہزار آٹے کی بوریاں گھریلو ضروریات کے لیے تیار کرا رہا ہے جبکہ 2 لاکھ ستر ہزار آٹے کی بوریاں یومیہ تجارتی بنیادوں پر فراہم  کی جا رہی ہیں۔
ادارہ روزانہ 15ہزار ٹن گندم سے آٹا تیار کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ 
وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے بتایا کہ’ دنیا کو درپیش مشکل حالات کے باوجود سعودی عرب خوشحالی اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں ذخیرہ رکھنے والا ملک تھا، ہے اور رہے گا۔‘
ان کے مطابق  ’سعودی عرب کے پاس مشرق وسطیٰ میں کھانے پینے کی اشیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے‘۔
 

شیئر: