Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے اپنی اہلیہ کے ساتھ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہیے‘

کرینہ کپور اور سیف کی جوڑی ’قربان‘ میں بہت پسند کی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ ہیرو سیف علی خان نے کہا ہے کہ ’وہ اپنی سٹار اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے۔‘
انڈین اخبار ہندوستاں ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنے کام کو فیملی سے بالکل علیحدہ رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں کبھی بھی ایسا نہیں سوچتا کہ مجھے اپنی اہلیہ کرینہ کپور یا والدہ شرمیلا ٹیگور کے ساتھ کام کرنا چاہیے، اور مستقبل میں بھی یہی موقف اپنانا چاہوں گا۔‘
سیف علی خان نے اپنی بیٹی سارہ علی خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی ایک شرط رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ سارہ کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہیں گے لیکن اس کے لیے سکرپٹ بہت ہی خاص ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اچھے ڈائریکٹر اور سکرپٹ کے ساتھ سارہ کے ساتھ کام کرنا بہترین تجربہ ہو سکتا ہے۔‘
پٹوڈی خاندان سے تعلق رکھنے والے سیف علی خان نے بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز 1993 میں یش چوپڑا کی فلم پرمپرا سے کیا تھا، لیکن ان کو سب سے زیادہ شہرت 2001 کی فلم ’دل چاہتا ہے‘ اور 2003 میں ’کل ہو نہ ہو‘ سے ملی۔
سیف علی خان اپنے فلمی کیریئر کے دوران مختلف نوعیت کی فلمیں کرتے رہے ہیں۔ ان کی حالیہ دو فلموں ’تنہاجی‘ اور ’جوانی جان من‘ باکس آفس پر چھائی رہیں۔
سیف علی خان کی آئندہ آنے والی فلم ’بنٹی اور ببلی 2‘ جون 2020 کو ریلیز ہوگی جس میں وہ ایک مزاحیہ کردار میں نظر آئیں گے۔

سیف علی خان کی فلم جوانی جان من نے باکس آفس پر کروڑوں روپے کمائے (فوٹو: ٹوئٹر)

کرینہ کپور کی انسٹاگرام پوسٹ سے لگتا ہے کہ سیف بھی کورونا وائرس سے احتیاط برتتے ہوئے گھر میں ہی وقت گزارنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ جہاں تمام ممالک نے کافی حد تک ادارے بند کر دیے ہیں، وہیں بالی وڈ اداکاروں نے بھی 31 مارچ تک فلموں کی شوٹنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسے میں بالی وڈ سٹارز وقت گزارنے کے مختلف طریقے نکال رہے ہیں۔
کرینہ کپور نے سیف علی خان کی تصویر شیئر کی جہاں وہ اپنی لائبریری میں بیٹھے کتاب کا مطالعہ کر رہے ہیں، اور ساتھ میں اپنی علیحدہ تصویر لگائی جس میں وہ آئی فون پر براؤزنگ کر رہی ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Kareena Kapoor Khan (@kareenakapoorkhan) on

کرینہ نے تصاویر پر لکھا کہ سیف تو پورے ہفتے کے لیے ’بک‘ ہیں جبکہ وہ انسٹا گرام پر وقت گزار رہی ہیں۔
کرینہ کپور نے کچھ دن قبل پہلی دفعہ سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنایا ہے جس پر وہ اپنے اور خاندان کے حوالے سے معلومات اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔

شیئر: