Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے بی ڈول‘ سنگر کورونا کا شکار، احتیاط نہ برتنے کا الزام

کانیکا کپور پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹریول ہسٹری چھپائی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بالی وڈ کی معروف سنگر کانیکا کپور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ وہ حال ہی میں برطانیہ کا دورہ کر کے لوٹی ہیں۔
’بے بی ڈول میں سونے دی‘ اور ’چٹیاں کلائیاں‘ جیسے گانوں کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا میں یکساں طور پر مقبول ہونے والی گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیماری کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں کیونکہ یہ عام نزلے اور بخار جیسا ہے۔
کانیکا کپور کا کہنا ہے کہ وہ دس روز پہلے برطانیہ سے لوٹی تھیں اور ایئرپورٹ پر ان کی سکیننگ بھی ہوئی تھی لیکن ان کے اندر کورونا وائرس کی علامات ایک ہفتے بعد ظاہر ہونا شروع ہوئیں۔

 

گلوکارہ نے کہا کہ ’گذشتہ چار دن سے مجھے نزلہ تھا اور جب میں نے ٹیسٹ کروایا تو وہ مثبت نکلا۔ میں اور میری فیملی مکمل طور قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔
کانیکا کپور کا کہنا تھا کہ ’اس مرحلے پر میں سب سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ خود کو دوسروں سے علیحدہ رکھیں اور اگر ایسی کوئی علامات نظر آئیں تو فوری طور پر ٹیسٹ کروائیں۔‘
اپنی صحت کے حوالے انہوں نے لکھا کہ ’میں ٹھیک محسوس کر رہی ہوں۔ یہ عام فلو اور بخار جیسا ہے۔ تاہم ہمیں اس وقت ذمہ دار شہری بن کر اپنی اور اپنے گرد لوگوں کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔‘
کانیکا کپور، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ لکھنو کے کسی ہسپتال میں ہیں، نے الزمات کا جواب نہیں دیا جن تحت کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنی ٹریول ہسٹری چھپائی اور برطانیہ سے لوٹنے کے بعد ایک پارٹی میں بھی شرکت کی۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا پھیلنے کے بعد دیگر فنکاروں میں بھی یہ وائرس مثبت پایا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کورونا وائرس کی عالمی وبا پھیلنے کے بعد دیگر فنکاروں میں بھی یہ وائرس مثبت پایا گیا ہے۔
اس سے قبل ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن، اردریس ایلبا، گیم آف تھرونز کے اداکار کرسٹوفر ہیوجو اور اندرا ورما اور’کوانٹم آف سولیس‘ سٹار اولگا کیوری لینکو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے 170 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

شیئر: