Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر اور وزیرخارجہ کے کورونا ٹیسٹ منفی

اہم حکومتی شخصیات کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے چین سے وطن واپسی پر مقامی طور پر کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس بھی منفی آئی ہیں۔ 
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سینیٹر سعید غنی کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اہم حکومتی شخصیات کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
صدر پاکستان اور وفد کے دیگر ارکان کے دورہ چین پر پہنچنے اور واپسی پر چین میں لیے گئے ٹیسٹوں کے بارے میں چینی وزارت خارجہ پہلے ہی رپورٹ بھجوا چکی ہے جو کہ منفی تھی۔  
ایوان صدر اور وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق دونوں رہنماؤں کے وطن واپسی کے کچھ دنوں بعد دوبارہ ٹیسٹ لیے گئے تھے وہ بھی منفی آئے ہیں۔ 
 صدر مملکت ابھی تک کورونا وائرس کے حوالے سے طے شدہ اصول و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے قرنطینہ میں ہیں اور ساتھ ساتھ آگاہی بھی دے رہے ہیں۔ 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی سیلف آئسولیشن اختیار کرتے ہوئے اپنے گھر سے ہی دفتر معاملات دیکھ رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے فرانس سپین اور ایران سمیت متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے بھی کیے۔ 
وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ ہوا ہے یا نہیں اس حوالے سے ان کے ترجمانوں نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس یا وزیر اعظم آفس میں ہونے والے اجلاسوں اور ملاقاتوں سے قبل تمام شرکاء کی تھرمل سکریننگ کی جاتی ہے۔
وزیر اعظم ہاتھ نہ ملانے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ ملاقات کے لیے آنے والوں اور سٹاف کا وزیر اعظم سے کم از کم ایک میٹر فاصلہ بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعظم کے دفتر اور ذاتی استعمال کی اشیاء سے جراثیم دور کرنے کا عمل دہرایا جا رہا ہے۔ 

قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن سے وطن واپسی پر قرنطینہ میں ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چئیرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر ،تمام وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس کے عملے کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ 
سینیٹ آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے اپنی طرف سے پانچ ہزار کورونا ٹیسٹ کٹس منگوائی ہیں۔ ان کٹس سے پارلیمنٹ کے تمام ارکان و عملے کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ 
پاکستان کی سیاسی قیادت میں سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن سے وطن واپسی پر قرنطینہ میں ہیں۔ ان کی ابتدائی سکریننگ کا عمل ائیرپورٹ پر ہی کر لیا تھا تاہم ایک دو روز میں ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ 
سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، ان کی کابینہ سمیت بلاول بھٹو زرداری کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ 
لیکن بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ ان کی سعید غنی سے حالیہ دنوں میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی اس لیے ان کے ٹیسٹ کی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کے امریکہ واپسی پر لیے گئے ٹیسٹ کی رہورٹ منفی آئی ہے۔

شیئر: