کابل کے ایک ہوٹل میں دھماکہ، کئی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع
افغان پولیس اور حکومت کے مطابق پیر کے روز وسطی کابل کے ایک ہوٹل میں زوردار دھماکہ ہوا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے کہا کہ ’کابل شہر کے چوتھے ضلع، شہرِ نو، کے گلفروش سٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔‘
تاہم انہوں نے دھماکے کی وجہ نہیں بتائی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہمارے پاس زخمی اور مرنے والے افراد دونوں کی اطلاعات ہیں۔‘
افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکے کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہے، اور سکیورٹی حکام نے اب تک اس واقعے کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
