Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا اٹلی کو کورونا کے علاج کی گولیوں کا عطیہ

یہ گولیاں پاکستانی فوج کی جانب سے اٹلی کو فراہم کی جا رہی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے اٹلی کو پانچ لاکھ کلوروکوئین کی گولیاں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ گولیاں پاکستانی فوج کی جانب سے اٹلی کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
اٹلی کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر کو کلوروکوئین کی گولیاں عطیہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پاکستان میں اٹلی کے سفارت خانے کے دورے کے دوران فیصلے پر باضابطہ عمل درآمد کے لیے بات چیت کی گئی۔
اطالوی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کے سفارت خانے کے دورے کا مقصد اٹلی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔
اٹلی کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی مدد کو سراہتے ہیں، بالخصوص ایسے موقع پر جب پاکستان خود کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہے اور متاثرین کی تعداد کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عطیہ کی گئی ادویات کورونا وائرس کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ اٹلی میں 80,589 افراد وائرس سے متاثر جبکہ 8,215 ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد دیگر ممالک سے زیادہ ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: