Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش ناکام

جنوبی شہر جازان پر بھی میزائل حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب کے ائیر ڈیفنس نے دارلحکومت ریاض پر بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش ناکام بنادی ۔ داغے جانے والے دومیزائلوں کو ہدف پر پہنچنے سے قبل تباہ کردیاگیا۔
العربیہ نیٹ ذرائع کے مطابق جنوبی شہر جازان پر بھی میزائل حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔
 الاخباریہ چینل نےعرب اتحاد کےحوالےسے حملے کی تصد یق کی ہے۔
اتحادی ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی رات گیارہ بجکر تیئس منٹ پر ریاض پر حملہ ٓاور دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں روک کر تباہ کردیا گیاـ
ترجمان نے مزید کہا کہ ’ حوثی باغیوں کی طرف سے یمن کے علاقے صنعا اور صعدہ سے میزائل داغے گئے۔ ان کا ہدف شہری تنصیبات اور شہری تھے‘۔
ریاض کےشمالی اضلاع کےرہائشیوں اورشہریوں نےمقامی وقت کےمطابق رات گیارہ  بجکر بیس منٹ پر زورداردھماکوں کی آوازسنی ہے۔

سعودی فضائیہ نےبیلسٹک میزائلوں کو نشانے پر پہنچنے سے قبل تباہ کردیا(فوٹو العربیہ)

عرب نیوز کے مطابق ریاض ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا فضا میں تباہ کیے جانے والے میزائلوں کا ملبہ گرنے سے دو شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتے کی صبح  یمن میں عرب اتحادی فورسز نے یمن کے مغربی علاقے میں حوثی باغیوں کا ڈرون گرا تھا۔
 گزشتہ 8 دنوں کے  دوران حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجا جانے والا یہ چوتھا ڈرون تھا جسے گرایا گیا ہے۔
واضح رہے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب کے دو سرحدی  شہرابھا اور خمیس مشیط پر ڈرونز کے ذریعے حملہ کیاگیا تھاجسے سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی تباہ کردیاگیاتھا۔

 

شیئر: