Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آدمی قرنطینہ سے بھاگا اور خاتون کو کاٹ کاٹ کر مار ڈالا

ملزم کو گھر میں قرنطینہ کیا گیا تھا (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈین ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائی میں پولیس کے مطابق ایک ایسے شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جو اپنے گھر میں قرنطینہ کے دوران فرار ہوگیا اور ایک عمر رسیدہ خاتون کو دانتوں سے کاٹ کر قتل کر دیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ 35 سالہ شخص کچھ عرصہ پہلے سری لنکا سے آیا تھا اور اسے گھر پر قرنطینہ کیا گیا تھا، تاہم وہ گھر سے برہنہ حالت میں بھاگ نکلا اور ایک 80 سالہ خاتون کی گردن پر کاٹا جس سے انہیں گہرا زخم آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس کے مطابق ’ملزم مانی کندن کا دماغی توازن درست نہیں ہے کیونکہ اسے 2010 میں مینٹل ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعے کو اس نے خود کو برہنہ کیا اور اپنے گھر کی چھت سے کود کر گلی میں آگیا جہاں اس نے گھر کے باہر بیٹھی ایک بوڑھی خاتون کو کاٹ ڈالا۔‘
ملزم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’مانی کندن سری لنکا سے واپس آنے کے بعد کاروبار میں نقصان ہونے پر پریشان تھے اور ان کی دماغی حالت بگڑ چکی تھی۔‘
پولیس کے مطابق مانی کندن کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انڈیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے جبکہ اس سے ایک ہزار کے قریب لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

لاک ڈاؤن کی وجہ سے انڈیا میں ہزاروں لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

حکومت نے ملک میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے اور تمام ملکی اور غیرملکی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
انڈیا کی مختلف ریاستوں نے بھی اپنی سرحدیں سیل کر دی ہیں اور ٹرانسپورٹ کو بند کردیا یا بہت محدود کر دیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

شیئر: