Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا سے 11 لاکھ افراد متاثر

کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں جان لیوا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 60 ہزار سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی رکتا نظر نہیں آتا بلکہ اس میں روز بروز تیزی آتی جا رہی ہے۔
امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 11 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ 60 ہزار 960 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ایک لاکھ سے زائد متاثرین ہیں۔
حکام کے مطابق اٹلی میں گذشتہ ایک ہفتے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرے افراد میں اس کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے۔
اٹلی کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا ملک سپین ہے جہاں 11 ہزار 744 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے اور ایک لاکھ 24 ہزار لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سپین نے لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ سپین کے وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کو 26 اپریل تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
گذشتہ تین روز میں سپین میں روزانہ ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 900 سے نیچے آئی ہے جس سے امید پیدا ہوئی ہے سپین میں ہلاکتوں کی تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے۔
یورپ کے بعد امریکہ کورونا وائرس کا نیا مرکز بن گیا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار 700 بتائی جا رہی ہے اور متاثرین دو لاکھ 78 ہزار سے زیادہ ہیں۔ امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے کہ ریاست میں ایک روز میں 630 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

برطانیہ میں  ایک ہی دن میں 700 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

صرف نیویارک میں کورونا وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 3565 ہو گئی ہیں۔
امریکہ میں امراض کے کنٹرول و سد باب کے ادارے (سی ڈی سی) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سانس کے ذریعے بھی ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتی ہے لہٰذا ماسک اور سکارف کا استعمال کیا جائے۔ تاہم صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس ہدایت نامے پر عمل نہیں کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ 'یہ ایک مکمل رضاکارانہ عمل ہے۔ آپ کو یہ نہیں کرنا تو نہ کریں اور میں بھی یہی انتخاب کروں گا کہ ایسا نہ کروں، شاید کچھ لوگ ایسا کرنا چاہیں اور یہ ٹھیک ہے۔'
برطانیہ بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں روئٹرز کے مطابق ایک ہی دن میں 700 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
جان ہاپکنز کے مطابق برطانیہ میں سنیچر تک کورونا وائرس کا شکار ہوکر مرنے والوں کی تعداد چار ہزار 313 ہو گئی ہے جبکہ 41 ہزار 903 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

فرانس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 83 ہزار سے زیادہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اپوزیشن کے رہنماؤں کو کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرنے کی دعوت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ اب تک کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آپ کو آگاہ کروں اور آپ سے اس حوالے سے رائے بھی جانوں۔
فرانس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 83 ہزار سے زیادہ ہے اور مرنے والوں کی تعداد 65 سو تجاوز کرچکی ہے۔
دوسری طرف سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق 10 بجے چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 33 سو افراد کے سوگ میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ملک بھر میں گاڑیوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں نے ہارن بجائے اور سائرن بھی بجائے گئے۔

شیئر: