Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عاطف اسلم کی اذان: ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے‘

عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو لاکھوں مرتبہ سنا اور دیکھا جا چکا ہے (فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنی آواز میں اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی، انڈین اور دیگر ملکوں کے شہریوں نے ان کی اس کوشش کو دل کھول کر سراہا۔
یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹ پر دیے گئے تاثرات میں صارفین نے عاطف اسلم کی آواز کے ساتھ ان کے انداز ادائیگی کی بھی تعریف کی۔
عاطف اسلم اس سے قبل مختلف اوقات میں حمد اور صوفیانہ کلام پیش کر کے بھی شائقین سے داد وصول کر چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیللاؤ کی صورت حال میں پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں نماز کے لیے مقررہ اوقات کے علاوہ اذانیں دیے جانے کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے، عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے عاطف اسلم کی آواز میں اذان پر کیے گئے اپنے تبصرے میں لکھا ’عاطف اسلم کی اذان نے میرے رونگٹے کھڑے کر دیے، ماشااللہ۔ اللہ سب خیر کریں گے۔‘

رفض آدیز نامی صارف نے اپنے تبصرے میں پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’خوبصورت ترین آواز، اذان پڑھنے کا شکریہ، ہم سبھی طویل عرصے سے ایسا چاہتے تھے۔ اللہ آپ کی حفاظت کریں۔‘

انڈین صارف اقرا نے عاطف اسلم کی پیشکش کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے۔ انڈیا سے محبت اور آداب، آپ کی آواز سے خواب سچ ہو گیا۔ اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے۔‘

گفتگو میں شریک صارفین میں کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے عاطف اسلم کی کسی نئی پیشکش کے انتظار کی گھڑیا گن رکھی تھیں۔ اکرم خان نامی صارف نے لکھا ’طویل عرصے بعد، ایک سال سے زائد عرصے کے بعد، آپ کی روح چھونے والی آواز مس کر رہے تھے، یہ بہت زبردست ہے۔ آپ کا شکریہ۔‘

پرسوز آواز میں اذان سن کر بہت سے صارفین اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آنکھیں نم کرتے رہے۔ روی نامی صارف نے لکھا ’یا اللہ میں نہیں جانتی کہ کیوں لیکن اس نے مجھے رلا دیا، کوئی کیسے اتنی خوبصورت اور پرسکون آواز میں اذان پڑھ سکتا ہے۔ میرے پاس اپنی پسندیدگی کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہے۔‘

آئرلینڈ سے نفیس خان نامی ایک ڈاکٹر نے لکھا کہ ہم نے مغرب کے لیے آپ کی اذان کو سن کر نماز ادا کی، یہاں ہم اذان نہیں سکتے۔ عاطف اسلم آپ کا شکریہ۔‘

سوشل میڈیا صارفین میں کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے عاطف اسلم کو تجویز دی کہ اگر وہ ویڈیو میں اذان کا انگریزی ترجمہ بھی شامل کرتے تو بہت سے دیگر لوگ بھی اسے سمجھ اور محظوظ ہو سکتے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: