Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’کورونا ‘ کےمزید 355 مریضوں کی تصدیق

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریاض میں مریضوں کا تعداد سب سے زیادہ رہی(فوٹو، ٹویٹر)
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 355 افراد کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 3287 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے یومیہ بنیاد پر ہونے والی پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں وائرس کا شکار ہونے والے 44 افراد اب تک ہلاک ہوچکے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 35 افراد ’کووڈ 19 ‘ سے شفایاب ہونے کے بعداب تک صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 666 ہوگئی ہے۔

کورونا سے بچاو کےلیے مملکت میں کرفیو نافذ کیا گیا(فوٹو، ٹویٹر)

وزارت کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلی اعداد وشمار کے مطابق 9اپریل کو مدینہ منورہ میں سب سے زیادہ مریضوں کا ’کورونا وائرس ‘ ٹیسٹ مثبت آیا جن کی تعداد 89 تھی جبکہ ریاض میں 83، مکہ مکرمہ میں 78، جدہ میں 45، تبوک میں 26، قطیف میں 10، ینبع ، طائف اورالدرعیہ میں 4،4 ، الھفوف ، عنیزہ اور الخرج میں 2، 2 جبکہ خمیس مشیط، احد رفیدہ ، بیشہ ، الباحہ، ریاض الخبرااور نجران میں ایک ، ایک شخص کے اس مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سےمسلسل اپیل کی جاری ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے خود کو گھروں کی حد تک محدود رکھیں۔ ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں اوراشد ضرورت کے علاوہ باہر نہ نکلیں ، بچوں اور معمرافراد کو باہر نہ لے جائیں۔ 
مملکت میں وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو وبائی مرض ’کورونا‘ سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو گھروں کی حد تک محدود رکھاجاسکے۔
دوسری جانب سے ابلاغی اداروں کی جانب سے بھی لوگوں کو موبائل پر مختلف زبانوں میں احتیاط اختیار کرنے کے پیغامات ارسال کیے جارہیں ہیں۔
 
 

شیئر: