Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیا جائے‘

'ہمارے پاس صحت کے شعبے پر خرچ کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں' (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے عالمی رہنماؤں، عالمی مالیاتی اداروں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف فراہم کیا جائے۔
عمران خان نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ عالمی ادارے اور اقوام متحدہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیں تاکہ عالمی سطح پر اس وائرس کا مقابلہ کیا جاسکے۔
اتوار کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے ناصرف کورونا وائرس بلکہ معیشت کے مسائل سے بھی نمٹنا ہے لہذا ترقی پذیر ممالک کو کورونا کے خلاف مدد فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث بھوک کے مسائل بھی ہیں، 'جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے وہی دیگر ترقی پذیر ملکوں کو بھی ہے۔ ترقی پذیر ملکوں میں لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لیے وسائل کی کمی ہے۔'
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک طرف امریکہ اپنے عوام کے لیے 20 کھرب 20 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج دے رہا ہے جبکہ جاپان میں 10 کھرب ڈالر کا پیکج دیا جا رہا ہے مگر 22 کروڑ آبادی کا حامل ملک پاکستان صرف آٹھ ارب ڈالر کا پروگرام ہی دے سکا ہے۔
'ہمارے پاس پہلے سے ہی دباؤ کے شکار صحت کے شعبے پر خرچ کرنے کے لیے پیسے نہیں لہذا میری عالمی رہنماؤں، مالیاتی اداروں کے سربراہان اور اقوام متحدہ سے اپیل ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیا جائے۔'

شیئر:

متعلقہ خبریں